سیاست و ایم ڈی ایف سے رشتوںکا آج دوبدو پروگرام

حیدرآباد ۔ 4 جولائی (دکن نیوز) مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کے سلسلے میں موزوں اور من پسند رشتوں کے انتخاب کیلئے والدین اور سرپرستوں کا 43 واں دوبدو ملاقات پروگرام اتوار 5 جولائی کو 10 تا 4 بجے شام خواجہ منشن فنکشن ہال، مانصاحب ٹینک، بنجارہ ہلز روڈ پر مقرر ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اور ٹی آر ایس قائد نواب ارشد علی خان بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ ایم ڈی ایف صدارت کریں گے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے انتظامات کو قطعیت دیدی ہے۔ صدر کے علاوہ ایم اے قدیر نائب صدر فورم، احمد صدیقی مکیش، محمد نصراللہ خان اور زاہد فاروقی نے فنکشن ہال انتظامات کا جائزہ لیا۔ جناب عابد صدیقی نے بتایا کہ دوبدو ملاقات پروگرام نئے شہر کے علاقوں میں رہنے والے مسلم والدین و سرپرستوں کے اصرار پر منعقد کیا جارہا ہے جن میں بنجارہ ہلز، زہرہ نگر، احمد نگر، مانصاحب ٹینک، شانتی نگر اور ہمایوں نگر شامل ہیں۔ نئے رجسٹریشن کا آغاز صبح 10 بجے سے ہوگا۔ رجسٹریشن کی کوئی فیس نہیں رکھی گئی ہے۔ لڑکے و لڑکیوں کے رجسٹریشن کے لئے علحدہ کاونٹرس بنائے گئے ہیں۔ والدین اور سرپرستوں کو لڑکے و لڑکیوں کے دو عدد فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس اپنے ساتھ رکھنا ہوگا۔ جو والدین رجسٹریشن کرواچکے ہیں انہیں ازسرنو رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے۔ میڈیسن، فارمیسی، انجینئرنگ، ایم بی اے، ایم سی اے، بی ایڈ، پوسٹ گریجویٹس، گریجویٹس، انٹرمیڈیٹ، ایس ایس سی، عالم، حافظ و فاضل کے علاوہ عقدثانی کے رشتوں کو ملاحظہ کرنے کیلئے قابل و تجربہ کار کونسلرس کی نگرانی میں علحدہ علحدہ کیبنس بنائے گئے ہیں۔ جہاں پہنچ کر والدین باہمی مشاورت کے ذریعہ رشتوں کا انتخاب کرسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ خواجہ منشن فنکشن ہال میں دوبدو ملاقات پروگرام منعقد کرنے کا مقصد مسلم والدین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا ہے جن میں معقول پارکنگ کا انتظام، وسیع کیبنس اور لڑکے و لڑکیوں کے والدین کی ملاقات کیلئے خوشگوار و آزادانہ ماحول فراہم کیا جائے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے قبل ازیں عطاپور میں منعقدہ دوبدو پروگرام میں شرکت کرکے پروگرام کو ملت اسلامیہ کیلئے ناگزیر قرار دیا تھا۔ نواب ارشد علی خان کی شرکت بھی پروگرام کی کامیابی میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ صدر ایم ڈی ایف نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس پروگرام میں 25 والینٹرس کو متعین کیا جارہا ہے اور ہر کیبن میں دو کونسلر ہوں گے، جو والدین و سرپرستوں کی اعانت کریں گے۔ لڑکوں کے والدین و سرپرستوں کی نشاندہی کیلئے فورم نے ’’پیلاربن‘‘ لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ لڑکیوں کے والدین کو بہ آسانی ربط پیدا کرنے کی سہولت مل سکے۔ نائب صدر ایم ڈی ایف نے بتایا کہ پروگرام کے رجسٹرڈ پیامات کی تفصیلات کا باقاعدہ طور پر اعلان کیا جائے گا۔ ایک خصوصی کمپیوٹر سیکشن رکھا جارہا ہے جس میں والدین و سرپرست لڑکے و لڑکیوں کے بائیو ڈاٹاس اور فوٹوز کا اسکرین پر مشاہدہ اور تفصیلات بھی نوٹ کرسکتے ہیں۔ پروگرام کے موقع پر مسلم نوجوانوں کی اصلاح اور ان کی تربیت کے سلسلہ میں روزنامہ سیاست کی جانب سے انگریزی زبان میں شائع کردہ پمفلٹ کی رسم اجراء عمل میں آئے گی۔ اس سے قبل جناب زاہد علی خاں نے اردو میں شائع کردہ پمفلٹ کی رسم اجراء انجام دی تھی۔ 43 ویں دوبدو پروگرام کا رمضان کے پیش نظر شام 4 بجے اختتام عمل میں آئے گا۔ اس لئے والدین و سرپرستوں سے گذارش کی گئی ہیکہ وہ وقت کی پابندی کریں اور اس سنہری موقع سے بھرپور استفادہ کریں۔