جناب زاہدعلی خان صدارت کریں گے، جناب محمد معین الدین مہمان خصوصی
حیدرآباد 24 فروری (دکن نیوز) مسلم شادیوں کو آسان بنانے کے سلسلہ میں سیاست اور ایم ڈی ایف کی تحریک کے تحت رشتوں کے انتخاب کے لئے والدین اور سرپرستوں کا 73 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام 26 فروری اتوار کو صبح 10 تا 4 بجے دن ایس اے ایمپرئیل گارڈن ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ ایم ڈی ایف صدارت کریں گے۔ جناب محمد فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل اور جناب محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ جناب ایم اے قدیر آرگنائزنگ پریسڈنٹ نے بتایا کہ ایس اے ایمپرئیل گارڈن کے باب الداخلہ پر لڑکوں اور لڑکیوں کے پیامات کے رجسٹریشن کے لئے دو علیحدہ علیحدہ کاؤنٹرس رہیں گے۔ رجسٹریشن کے بعد مسلمہ کارڈس کے علاوہ لڑکوں کے والدین کو پیلے ربن اور لڑکیوں کے والدین اور سرپرستوں کو سبز ربن دیئے جائیں گے۔ والدین اور سرپرستوں کے لئے لازمی ہوگا کہ وہ اپنے ہمراہ دو عدد فوٹوز اور دو عدد بائیو ڈاٹاس کی کاپیاں ساتھ رکھیں۔ والدین کو اپنی پسند کے رشتوں کا انتخاب کرنے کی خاطر تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے الگ الگ کاؤنٹرس جیسے میڈیسن، انجینئرنگ، پوسٹ گریجویٹ، گریجویٹس، انٹر، ایس ایس سی، حافظ ، عالم و فاضل اور کم تعلیم یافتہ کے علاوہ عقدثانی کا علیحدہ کاؤنٹرس ہوں گے۔ ان تمام کاؤنٹرس پر کونسلرس والدین کی رہبری اور رہنمائی کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ذمہ دار والینٹرس کو مقرر کیا جارہا ہے۔ لڑکوں اور لڑکیوں کو پسند کرنے کے بعد والدین اور سرپرستوں کو باہمی مشاورت کی سہولت کے لئے راؤنڈ ٹیبلس کا انتظام رہے گا تاکہ آزادانہ ماحول میں رشتوں کا انتخاب کیا جاسکے۔ مزید تفصیلات کے لئے فون نمبر 9394801526 پر ربط کریں۔