سیاست میں خبر کی اشاعت کا اثر

حیدرآباد۔/21اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے تیار کردہ غلاف مبارک کی اجمیر شریف کو روانگی میں تاخیر سے متعلق ’سیاست‘ میں رپورٹ کی اشاعت کے بعد حکومت نے فوری حرکت میں آتے ہوئے عہدیداروں کے ذریعہ غلاف روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سکریٹری نے اس مسئلہ پر محکمہ اقلیتی بہبود سے تفصیلات حاصل کیں جس پر انہیں بتایا گیا کہ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق ایک لاکھ 73ہزار کے خرچ سے غلاف تیار کیا گیا ہے اور وہ گزشتہ ایک ماہ سے روانگی کا منتظر ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بہت جلد چیف منسٹر کو غلاف کا مشاہدہ کرایا جائے گا اور اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ذریعہ اسے اجمیر شریف روانہ کیا جاسکتا ہے۔ٹی آر ایس پارٹی کے پلینری سیشن کے سبب ریاستی وزراء اس موقف میں نہیں کہ 27اپریل تک حیدرآباد سے باہر جاسکیں لہذا عہدیداروں کے ذریعہ غلاف اور نذرانہ کی رقم روانہ کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ اقلیتی بہبود کے عہدیدار اپنے اس دورہ کے موقع پر حکومت راجستھان کے عہدیداروں سے حیدرآبادی رباط کیلئے اراضی کے الاٹمنٹ کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کرسکتے ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے درگاہ شریف کے قریب تلنگانہ کے زائرین کیلئے رباط کی تعمیر کے سلسلہ میں ایک ایکر اراضی الاٹ کرنے کی تجویز پیش کی تھی جس سے راجستھان حکومت نے اتفاق کرلیا۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر راجستھان کا مکتوب چیف منسٹر تلنگانہ کے نام موصول ہوا ہے۔ غلاف کی پیشکشی کے بعد اقلیتی بہبود کے عہدیدار راجستھان حکومت کے عہدیداروں سے اس سلسلہ میں بات چیت کریں گے تاہم غلاف کی روانگی کے دن کا تعین ابھی باقی ہے۔