سیاست ملت فنڈ سے 48 غریب طلبہ کے لیے APOSS فیس کی ادائیگی

حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر : ( نمائندہ خصوصی ) : علم آدمی کو حقیقت میں انسان بناتا ہے ۔ معاشرہ میں اسے ممتاز مقام عطا کرتا ہے ۔ علم کی دولت سے مالا مال اقوام زندگی کے ہر شعبہ میں کامیابی و کامرانی کے جھنڈے گاڑتے ہیں اس کے برعکس علم جیسی انمول نعمت سے محروم فردیا اقوام کی کوئی قدر و منزلت نہیں ہوتی نہ ہی وہ زمانے میں اپنی موجودگی ، اہمیت و افادیت کا احساس دلاسکتے ہیں ۔ ہاں … ! دنیا ان کا باآسانی استحصال کرتی ہے ۔ انہیں اپنا تابع بنائے رکھتی ہے اور انہیں اپنے اشاروں پر نچاتی ہے ۔ تاہم انسان اگر کوشش و جستجو کرے تو کوئی بھی شئے اس کے لیے ناممکن نہیں رہتی بلکہ ’’ناممکن ‘‘ خود ’’ ناممکن ‘‘ ہوجاتا ہے ۔ یعنی ممکن ہوجاتا ہے ۔ ہمارے شہر کے کچھ ایسے علاقہ ہیں جہاں مسلمان انتہائی کسمپرسی کی زندگی گذار رہے ہیں ۔ لڑکے لڑکیاں اسکولوں سے دور ہیں ، نوجوانوں میں بیروزگاری پائی جاتی ہے ۔ بیروزگاری کے باعث کچھ نوجوان بری عادتوں میں بھی مبتلا ہوجاتے ہیں ۔ ان سنگین حالات کے باوجود ہمیں مایوس ہونے کی چنداں ضرورت نہیں اس لیے کہ جہاں پھول ہوتے ہیں وہاں کانٹے بھی ضرور پائے جاتے ہیں اور ہر مصیبت کے بعد راحت ، ناکامی کے بعد کامیابی اپنے متوالوں کا انتظار کرتی ہے ۔ قلعہ گولکنڈہ کے علاقہ میں کافی پسماندہ بستیاں ہیں جن میں غریب مسلمانوں کی کثرت ہے ۔ ان خاندانوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل ہوجاتا ہے ۔ نتیجہ میں بچے اپنے ماں باپ کا ہاتھ بٹانے کارخانوں ، ہوٹلوں ، دکانوں اور مختلف اداروں میں کام کرتے ہیں لیکن ان بستیوں میں ایسے لڑکے لڑکیوں کی کمی نہیں جو پڑھنا چاہتے ہیں ۔

خود کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں ۔ روزنامہ سیاست کی ملی و قومی خدمات کے پیش نظر قلعہ گولکنڈہ کے کچھ ہمدردان ملت نے ادارہ سے رجوع ہو کر بتایا کہ 48 طلباء وطالبات APOSS امتحان میں شرکت کے خواہاں ہیں لیکن مسئلہ غربت کا ہے ۔ ان 48 طلبہ میں 15 طلباء ہیں اور بقیہ طالبات ہیں ۔ ان میں یتیم و یسیر بھی ہیں اور تمام طلبہ فیس دینے سے قاصر ہیں ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور مینجنگ ایڈیٹر جناب ظہیر الدین علی خاں سے مقامی ہمدردان ملت نے نمائندگی کی تب سیاست ہیلپ لائن کے نمائندہ سید خالد محی الدین اسد کو گولکنڈہ اسکول روانہ کیا گیا ۔ اور پھر سیاست ملت فنڈ کی جانب سے ان تمام 48 طلبہ کی فیس جملہ 67200 روپئے داخل کی گئی ۔ ادارہ سیاست کو اس معاملہ پر توجہ دلانے میں عوام ویلفیر اسوسی ایشن فار ماینارٹیز کا اہم رول رہا جس کے جنرل سکریٹری فہدبا زبیر فہد بن حسین ، محمد امیر الدین ، محمد ریاض الدین ، تقی احمد نے اس جانب توجہ دلائی تھی ۔ سیاست ملت فنڈ سے ان طلبہ کی فیس ادا کئے جانے پر ان میں کافی خوشی دیکھی گئی ۔ ان لڑکے لڑکیوں سے بات چیت پر اندازہ ہوا کہ وہ پڑھنا چاہتے ہیں ۔ زندگی میں ترقی کرنے کے خواہاں ہیں ۔ ان کے اذہان و قلوب میں ملک و ملت کی خدمت کا جذبہ بھرا ہوا ہے ۔ ان طلبہ کے شوق کو دیکھ کر اندازہ ہوا کہ ہمارے شہر کے پسماندہ علاقوں میں رہنے والے بچوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں صرف انہیں صحیح رہنمائی کی ضرورت ہے ۔۔