حیدرآباد ۔ 7 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ادارہ سیاست کی جانب سے شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے خریداروں اور تاجرین کے لیے ہر سال کی طرح اس سال کی گئی سیاست شاپنگ دھوم کے بمپر ڈرا کا آج پیپلز پلازا نکلس روڈ پر انعقاد عمل میں آیا ۔ اس بمپر ڈرا کے موقع پر ’ حیدرآبادی فن گامہ ‘ منعقد کیا گیا جس میں حیدرآباد کے معروف فن کاروں نے سامعین و شرکاء کو موسیقی و مزاحیہ خاکوں کے ذریعہ محظوظ کیا ۔ 8 ویں سیاست شاپنگ دھوم بمپر ڈرا تقریب میں مسٹر بنڈارو دتاتریہ مرکزی وزیر لیبر کے علاوہ جناب ایم اے خاں رکن راجیہ سبھا کانگریس ، جناب الحاج محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ راشٹرا سمیتی ، جناب محمد فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل کانگریس کے علاوہ دیگر نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب میں جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے علاوہ دیگر ذمہ داران سیاست موجود تھے ۔ پیپلز پلازا نکلس روڈ کے وسیع و عریض میدان میں منعقدہ سیاست شاپنگ دھوم کی اس بمپر ڈرا تقریب میں قارئین سیاست کے علاوہ خریداروں وغیرہ کے لیے پیش کردہ تفریحی پروگرام میں جناب سید احتشام قادری ، جناب صفی ملک ، سمرن راشدہ ، عامر ، مخدوم ، وجئے لکشمی ، سمیر ، محمود عبادی نے اپنے گلوکاری کے جوہر دکھائے جب کہ کوآرڈینٹر جناب خیر الدین بیگ جانی ، جناب عدنان ساجد خاں (گلودادا ) ، جناب عزیز ناصر ، جناب منور علی ، جناب حبیب قدیر ، جناب شبیر خاں ، سورج کرن اور محترمہ عائشہ جلیل نے مزاحیہ خاکے پیش کرتے ہوئے سامعین کو قہقہہ لگانے پر مجبور کردیا ۔ اس پروگرام کے دوران حیدرآبادی طنز و مزاح فلموں کے معروف اداکار جناب عدنان ساجد خاں اور جناب محمد توفیق نے گیت بھی پیش کئے ۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے سیاست شاپنگ دھوم کے پہلے خوش نصیب کے لیے قرعہ نکالا جو کہ جاجو شی اینڈ کڈس کے خریدار کو حاصل ہوا ۔ جن کا کوپن نمبر 474536 ہے جنہیں ماروتی آلٹو حاصل ہوئی ۔ حیدرآبادی فلمی اداکارہ مس خوشبو نے ہیرو اگنائیٹر گاڑی کے لیے دوسرے خوش نصیب کے لیے قرعہ نکالا جو کہ یوسفین بازار ویڈنگ مال کے خریدار کو حاصل ہوا جن کا کوپن نمبر 415270 ہے ۔ اسی طرح جناب عامر علی خاں اور کانگریس قائد جناب جابر پٹیل نے ہیرو پلیشرر کے لیے تیسرے خوش نصیب کا قرعہ نکالا جو کہ پی ستیہ نارائنہ سنس جویلرس کے خریدار کو حاصل ہوا جن کا کوپن نمبر 398712 ہے ۔ سیاست شاپنگ دھوم میں دونوں شہروں کے زائد از 100 تاجرین نے حصہ لیا اور اس پروگرام کا انعقاد کائنات کلکشن ( خلوت ) اور پی ستیہ نارائنہ سنس جویلرس کی خصوصی معاونت سے عمل میں آیا ۔ پروگرام کے دوران عادل آباد سے خصوصی طور پر آئے تلگو مزاحیہ فنکار ناگا بھوشن راؤ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ اسی طرح شہباز خاں ، ذیشان جانباز ابھرتے فنکاروں نے بھی ممکری کا مظاہرہ کیا جسے خوب سراہا گیا۔