گریجویٹس اور آئی ٹی شعبہ میں ماہر نوجوانوں کے لیے روزگارکا بہترین موقع
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( نمائندہ خصوصی ) : ہمارے ملک میں نوجوان تعلیم تو حاصل کررہے ہیں لیکن وہ روزگار سے محروم ہیں ایسے میں مختلف اداروں کی جانب سے ان بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے جاب میلوں کا انعقاد عمل میں آتا ہے ۔ جہاں تک مسلم نوجوانوں کا سوال ہے تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود ان میں بیروزگاری دیگر ابنائے وطن کی بہ نسبت بہت زیادہ پائی جاتی ہے ۔ روزنامہ سیاست نے ہر مرحلہ پر مسلمانوں کی تعلیمی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے جدوجہد کی ہے ۔ چنانچہ اس مرتبہ روزنامہ سیاست آرائز ایچ آر (Arise HR) کے ساتھ مل کر آئی ٹی و دیگر فریشرس ( گریجویٹس ) کے لیے جاب فیر کا انعقاد عمل میں لارہا ہے یہ جاب میلہ ہفتہ 25 جولائی کو ویزلی پی جی کالج مقابل آنند تھیٹر سکندرآباد میں صبح 8 بجے تا شام 4 بجے منعقد ہوگا ۔ آرائز ایچ آر کی ڈائرکٹر مادھوی اور سید حسن الدین انس کارپوریٹ ٹرینر نے بتایا کہ اس جاب میلہ میں کم از کم 14 کمپنیاں حصہ لیں گی جن میں نیس ٹکنالوجیز ، نکالز گروپ ، اٹم ۔ آئی ٹی ، بیلاجک سسٹمس ، اسفیئر ایم آئی ، مبلیٹی ، میجک مائنڈس ، میرا ایونٹس ، سائکس ، آئی ۔ پے ، امیزان ( آرائز ایچ آر ) ، ون آئی ٹی ، اویوا اور پروٹے چین جیسی کمپنیاں شامل ہیں ۔ ایسے نوجوانوں کے لیے جنہوں نے ابھی ابھی گریجویشن کی تکمیل کی ہو اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے مختلف کورسیس کیے ہوں ان کے لیے ملازمتوں کے اچھے مواقع ہیں اس کے علاوہ میکانیکل انجینئرس بھی اس جاب میلہ میں شرکت کرتے ہوئے پرکشش ملازمت حاصل کرسکتے ہیں ۔ مسز مادھوی کے مطابق بی ٹیک ، بی ای ، بی ایس سی ، بی کام ، بی سی اے ، بی فارما اور بی بی اے کے علاوہ ، ایم بی اے ، ایم سی اے ، ایم کام ، ایم ایس سی اور ایم ٹیک کرچکے نوجوان لڑکے لڑکیوں کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے ۔ جاب میلہ میں 1000 سے زائد نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی ۔ ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں با صلاحیت نوجوانوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ خاص طور پر پرانے شہر کے تعلیم یافتہ لڑکے لڑکیاں جاب میلہ میں شرکت کرتے ہوئے بہترین روزگار حاصل کرسکتے ہیں ۔۔