جموں 4مئی (سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ انتخابات جیتنے کے لئے سیاستداں نفرتوں کو جنم دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کی حالت یہ ہے کہ بھگوان رام اور اللہ کے نام پر ووٹ مانگے جاتے ہیں اور یہ بتایا جاتا ہے کہ ‘گاڈ’ خطرے میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آزادی کے بعد آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے چلا گیا ہے۔فاروق عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار آج یہاں ایک خانگی اسکول میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سیاستدانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’’سیاستدان نفرتوں کو جنت دیتے ہیں۔ وہ انتخابات جیتنے کے لئے نفرتیں پیدا کرتے ہیں۔ جب سے بھارت آزاد ہوا ہے ، تب سے یہ ملک مضبوط نہیں بلکہ کمزور ہوا ہے ۔ کیونکہ ووٹوں کے لئے لوگوں کو طبقوں میں بانٹا گیا۔ جب ووٹنگ کا وقت آتا ہے تو کہتے ہیں کہ گاڈ خطرے میں ہے ۔ مجھے یہ بتائیں کہ گاڈ خطرے میں ہوتا ہے یا ہم سیاستدان۔ گاڈ خطرے میں نہیں ہوتا ہے ‘‘۔فاروق عبداللہ نے ایک دوسرے کے مذہب کا احترام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ’’میں گاڈ کو مندروں اور گرجا گھروں میں نہیں دیکھتا ہوں بلکہ گاڈ ہماری روح میں ہوتا ہے ۔ جب آپ اپنے اندر کے گاڈ کو پہچانو گے تو آپ کبھی کسی دوسرے کے مذہب پر انگلی نہیں اٹھاو گے ۔ میرا گاڈ مجھ سے کہتا ہے کہ کوئی مذہب برا نہیں ہے ۔ جب آپ دوسرے کے مذہب کا احترام نہیں کریں گے تو آپ کے مذہب کا بھی کوئی احترام نہیں کرے گا۔‘‘