ڈاؤس ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جب عالمی قائدین جھوٹی اور فرضی خبروں کی لعنت پر بحث مباحثہ میں مصروف ہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج کہا کہ وہ ایک ’’مخدوش جمہوریت‘‘ سے آئے ہیں اور انہیں یہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہیکہ دنیا کے بعض ترقی یافتہ ملکوں میں بھی صحافت کی مذمت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ بلاول بھٹوزرداری نے عالمی اقتصادی فورم میں ’’جھوٹی خبریں بمقابلہ حقیقی سیاست‘‘ کے زیرعنوان خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چند بہادر اور بہترین صحیفہ نگار بھی ہیں جنہوں نے ان کے ملک (پاکستان) میں ڈکٹیٹر شپ کے خلاف لڑائی میں مدد کی ہے۔ انہوں نے ایک ایجنڈہ کا پرچار کرنے والے بعض میڈیا اداروں، سیاستدانوں اور میڈیا پر چند بڑے بزنس گھرانوں کے کنٹرول پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔