سیاحوں کو راغب کرنے حکومت تلنگانہ کے بے نظیر اقدامات

انفارمیشن کیوسک اور ٹی وی اسکرین کی تنصیب ، تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا فیصلہ
حیدرآباد 3 جولائی ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں اسی طرح سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے حکومت نے کئی اہم فیصلہ کرتے ہوئے ریاست میں سیاحتی فروغ کو یقینی بنانے کے اقدامات کا آغازکردیا ہے ۔ جاریہ ماہ کے تیسرے ہفتہ میں محکمہ سیاحت کی جانب سے ریاست کے مختلف مقامات بالخصوص مرکزی سیاحتی مقامات کے علاوہ ایر پورٹ ‘ بس اسٹیشنس ‘میوزیم کے علاوہ دیگر مقامات پر ایل ای ڈی اسکرین کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی تا کہ سیاحوں کو اطلاعات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے موجودہ انفارمیشن کیوسک کی جگہ عصری انفارمیشن کیوسک نصب کئے جائیںگے جس میں نہ صرف ریاست تلنگانہ کے مختلف اہم مقامات کی معلومات دستیاب رہے گی بلکہ ہریتا ہوٹلس ‘ سیاحتی مقامات‘ تفریحی مراکز ‘فضائی ‘ سڑک و ٹرین کی سفر کی تفصیلات موجود رہیں گی ۔ علاوہ ازیں ان انفارمیشن کی کیوسک کے ذریعہ موسم ‘ نقشہ جات ‘ تہذیبی تہوار ‘ فلم وغیرہ کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی ۔ تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ فوری طور پر 20 انفارمیشن کیوسک کی تنصیب کے ذریعہ اس خدمات کا آغاز کیاجائے اور توقع ہے کہ جاریہ ماہ کے تیسرے ہفتے میں یہ خدمات شروع کردی جائیں گی ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے ابتداء میں تلنگانہ بھون دہلی کے علاوہ ریاست کے تمام 10 اضلاع کے کلکٹر دفاتر اور اہم مقامات پر انفارمیشن کیوسک کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب مستقبل میں یہ خدمات پانچ ستارہ ہوٹلوں کے علاوہ اہم تعلیمی اداروں تک بھی وسعت دی جائیں گی تا کہ سیاحوں کے ساتھ ساتھ عوام بھی اس خدمات سے مستفید ہوسکے ۔ سابق میں جو انفارمیشن کیوسک ٹورازم کارپوریشن کی جانب سے نصب کئے گئے تھے وہ عصری سہولتوں سے آراستہ نہیں تھے بلکہ اس وقت کی مناسبت سے وہ بہتر تصور کئے جارہے تھے لیکن اب جبکہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی تیز رفتار ترقی جاری ہے ایسے میں ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن تلنگانہ کی جانب سے عصری سہولتوں سے آراستہ معلوماتی مراکز کا آغاز کرتے ہوئے ریاست کے نہ صرف تہذیبی ورثے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے بلکہ یہ پیغام بھی دیا جارہا ہے کہ ریاست تلنگانہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے میدان میں بھی پیچھے نہیں ہیں۔