سیاحتی و تفریحی مقامات پر بھی طبی خدمات پر توجہ دی جائے

سیاحوں کو بروقت طبی امدادکی ضرورت ، سرکاری دواخانوں اور ڈاکٹرس پر اعتماد بڑھے گا
حیدرآباد۔8اگسٹ(سیاست نیوز) شہر میں موجود تاریخی عمارتوں کے قریب سیاحوں اور شہریوں کے معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ عوامی مقامات پر طبی سہولتوں کے سلسلہ میں محکمہ صحت کو اقدامات کرنے چاہئے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے شہر حیدرآبادکو عالمی معیار کے شہر کے طور پر فروغ دینے کے متعلق کئی اقدامات کے اعلانات کئے جا رہے ہیں لیکن شہر حیدرآباد میں موجود تاریخی سیاحتی مقامات اور عوامی مقامات پر جہاں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہیں ان مقامات پر بنیادی سہولتوں کے ساتھ معیاری بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی پر بھی سنجیدہ غور کیا جانا چاہئے کیونکہ عوامی مقامات پر طبی سہولیات کی فراہمی سے کسی بھی ناگہانی واقعہ یا سیاحوں کی طبعیت بگڑنے کی صورت میں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکتی ہے ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے اضلاع میں حکومت کی جانب سے 108 ایمبولینس خدمات موجود ہیں اس کے باوجود اگر سیاحتی مقامات پر طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے تو ملک بھر میں یہ پہلا منفرد منصوبہ ہوگا جہاں سرکاری صحت کے منصوبہ سے سیاحوں کو جوڑ نے کے اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ حکومت تلنگانہ نے شہر حیدرآباد میں بستی دواخانوں کے ذریعہ عوام کو سرکاری طبی خدمات سے جوڑنے کے اعلانات کئے ہیں اور اس سلسلہ میں اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں اس کے علاوہ حکومت شہریوں کو سرکاری دواخانوں میں علاج کروانے کی سمت راغب کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہے لیکن اب بھی شہریوں میں سرکاری دواخانوں کے متعلق عدم اعتماد پایا جاتا ہے اگر حکومت کی جانب سے سیاحتی مقامات پر سرکاری طبی سہولیات کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں مقامی وبیرونی سیاح ان خدمات سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے سرکاری طبی خدمات سے مستفید ہوسکتے ہیں اور ان کا سرکاری طبی خدمات پر اعتماد بھی بحال ہوسکتا ہے ۔ محکمہ صحت کے اعلی عہدیدار نے بتایا کہ گذشتہ ماہ قلعہ گولکنڈہ میں دل کا دورہ پڑنے سے خاتون کی موت کے بعد اس جانب محکمہ کے کچھ عہدیدار متوجہ ہوئے ہیں لیکن اگر حکومت سرکاری سطح پر اس تجویز کو قابل عمل بنانے کے اقدامات کرتی ہے اور سیاحتی مقامات پر مصروف ترین اوقات کے دوران بنیادی طبی خدمات کی فراہمی کے احکام جاری کرتی ہے تو ایسی صورت میں سیاح اپنی سیاحتی وتفریحی سرگرمیوں کے دوران معمول کے چیک اپ کروانے کے علاوہ سرکاری طبی عملہ کی خدمات سے بھی واقف ہوسکتے ہیں اور انہیں سرکاری طبی عملہ کی صلاحیتوں کا بھی اندازہ ہوجائے گا کیونکہ اکثر سرکاری عملہ کے متعلق بد گمانی اور دواخانوں میں بنیادی سہولتوں کی عدم موجودگی کے سبب ہی سرکاری دواخانوںسے رجوع ہونے سے شہری خائف ہوتے ہیں اسی لئے سرکاری دواخانوں کی خدمات اور عملہ کی تشہیر کی جانی ضروری ہے۔