سیاحتی مقام حسین ساگر میں تیز رفتار کشتی رانی متعارف

35 نشستوں کی سہولت، تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا اقدام

حیدرآباد۔12مئی (سیاست نیوز) حسین ساگر میں سیاحتی سرگرمیو ںکو فروغ دینے کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے تیز رفتار کشتی رانی کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے سیاحتی مقامات میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل تصور کیا جانے والا مقام حسین ساگر کے سیاحتی فروغ کیلئے کئے جانے والے متعدد اقدامات کے اعلانات کئے جاتے رہے ہیں لیکن اب تلنگانہ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ہفتہ کے دوران تیز رفتار کشتیوں کے علاوہ 35نشستوں و الی کشتی متعارف کروائی جائے جو کہ سیاحوں کو حسین ساگر کی سیر و سیاحت میں مدد گار ثابت ہوسکے۔ کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق کارپوریشن کی جانب سے جلد ہی حسین ساگر میں 70 نشستوں و الی کشتی متعارف کروانے کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے اس کے علاوہ پانی سے متعلق تفریح کے فروغ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔حسین ساگر میں پانی کی تفریح اور کھیلوں کے علاوہ کشتی رانی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے سبب شہریان حیدرآباد شہر کے مرکزی مقام پر کشتی رانی سے لطف اندوز ہورہے ہیں اور روزانہ حسین ساگر پہنچنے والوں کی بڑی تعداد کشتی رانی سے لطف اندوز ہوتی ہے اور عام دنوں میں یہ تعداد یومیہ 10ہزار سے تجاوز کرجاتی ہے اسی لئے تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے حسین ساگر میں کشتی رانی کے فروغ کیلئے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہ اور گذشتہ چند یوم سے حسین ساگرمیں تجرباتی اساس پر تیز رفتار کشتیاں چلائی جا رہی تھیں اورکہا جا رہاہے کہ پونے کی ایک کمپنی سے ان تیز رفتار کشتیوں کے علاوہ 35نشستوں والی کشتی کے حصول کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آئندہ ہفتہ کے دوران ان کشتیوں کو سیاحوں کے لئے کھول دیا جائے گا ۔بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے حسین ساگر میں کشتی رانی کے فروغ کیلئے کئے جانے والے ان اقدامات پر 50لاکھ روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور آئندہ چندیوم کے دوران کشتی رانی کے آغاز کے ساتھ ہی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کے امکانات پائے جاتے ہیں اور کہا جار ہاہے ک سیاحوں کے مطالبہ کو دیکھتے ہوئے ہی تلنگانہ اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے فوری طور پر تیز رفتار کشتیوں کے ذریعہ کشتی رانی کے فروغ کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سابق میں کارپوریشن کی جانب سے حسین ساگر میں واٹر بس اور واٹر پلین چلانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی اور اس منصوبہ پر عمل آوری ممکن نہیں ہوپائی ہے۔