سیاحتی مقامات کی تفریح کیلئے ٹرام چلانے کا منصوبہ

فرانسیسی مندوبین کا اجلاس، میئر جی ایچ ایم سی بی رام موہن کا خطاب
حیدرآباد۔23جنوری (سیاست نیوز) پرانے شہر میں ٹرام چلائی جائے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے پرانے شہر میں ٹرانسپورٹ سسٹم میں بہتری لانے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور ابتدائی منصوبہ میں چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کے فوری بعد ٹرام چلانے کے منصوبہ کو قابل عمل بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن نے فرانسیسی مندوبین کے ہمراہ منعقدہ اجلاس میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے شہر کے سیاحتی عمارتوں کی تفریح کیلئے ٹرام کے آغاز کے متعلق منصوبہ بندی کا عمل جاری ہے اور بہت جلد مکمل منصوبہ پیش کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی ‘ رکن قانون ساز کونسل جناب سید امین الحسن جعفری کے علاوہ فرانسیسی مندوبین اور کارپوریٹر سید سہیل محمود قادری موجود تھے۔ مسٹر بی رام موہن نے بتایا کہ پرانے شہر میں کئی تاریخی عمارتیں موجود ہیں جنہیں ترقی دینے کے علاوہ ان عمارتوں تک پہنچنے کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنا ضروری ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر میں ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معظم جاہی مارکٹ تا چارمینار ٹرام چلانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جو کہ 2.9کیلو میٹر پر محیط ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرام چلانے سے ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری پیدا ہوگی اور کہا کہ اس سلسلہ میں وسیع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے متعلق انہوں نے بتایا کہ اندرون تین ماہ ان کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے کہا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں میں گذشتہ 6ماہ کے دوران تیزی لائی گئی ہے۔ کمشنرجی ایچ ایم سی نے کہا کہ پراجکٹ کی تکمیل کے بعد چارمینار کے اطراف 50فیصد سے زیادہ کھلی جگہ دستیاب رہے گی۔جناب سید امین الحسن جعفری رکن قانون ساز کونسل نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران پروفیسر ایم ایس طاہر کی سفارشات کو قابل عمل بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 1980میں پروفیسر ایم ایس طاہر نے شہر کے ماحولیات اور ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کیلئے جو سفارشات کیں تھیں ان پر عمل کرتے ہوئے شہر کے ہر علاقہ میں ٹرام چلائی جانی چاہئے۔