سارقین مقفل مکانات کو نشانہ بناتے ہیں ، پولیس کو اپنے سفر کی اطلاع دیں
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : گرمائی تعطیلات کی مناسبت سے کیا آپ اپنے آبائی مقامات یا سیاحتی مقاصد سے سفر پر جارہے ہیں تو آپ کو چند حفاظتی اقدامات و تدابیر کرنا ہوگا کیوں کہ سارقین مقفل مکانات کا دن کے اوقات میں نشاندہی کرتے ہوئے رات کے اوقات میں سرقہ کی واردات انجام دے رہے ہیں اور آئے دن سرقہ کی واردات اخبارات و ٹی وی کی زینت بنتے جارہے ہیں ۔ جب کہ اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ سفر پر جانے سے قبل متعلقہ پولیس اسٹیشن میں اطلاع دیں تاکہ پولیس سفر پر جانے والوں کے مقفل مکانات پر نظر رکھ سکے ۔ سرکل انسپکٹر شاہ عنایت گنج مسٹر چاند باشاہ نے بتایا کہ سرکل کی حدود چوڑی بازار ، بیگم بازار اور دیگر علاقوں میں سرقہ کی واردات اکثر پیش آنے کے خدشات کے تحت سرکل کی حدود میں پولیس کی کڑی نگرانی رکھی جارہی ہے اور چند مخصوص علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ سکٹر سب انسپکٹرس ، پٹرولنگ پارٹی کے علاوہ کرائم ٹیموں کو متحرک رکھا جارہا ہے ۔ مسٹر چاند باشاہ نے بتایا کہ رات 2 بجے کے بعد سے صبح 7 بجے تک ہر گھنٹہ میں ایک مرتبہ پٹرولنگ پارٹی کے ذریعہ گشت لگائی جارہی ہے ۔ انہوں نے سفر پر جانے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ مکانات کو مضبوط مقفل کریں اور سی سی کیمرے ہوں تو وہ درستگی کی حالت میں ہیں یا نہیں جائزہ لیں اور ایام سفر کی پولیس کو اطلاع فراہم کریں اور پولیس کا تعاون کریں اور ساتھ ہی الماریوں میں قیمتی زیورات یا بھاری رقومات رکھ کر نہ جائیں اور اگر بھاری مقدار میں زیورات یا رقومات ہوں تو اپنے بنک لاکرس یا کھاتوں میں جمع کروادیں اور اپنے سفر اور واپسی سے متعلق اپنے پڑوسیوں کو ضرور اطلاع دیں اور روزانہ کم از کم ایک مرتبہ پڑوسیوں سے بذریعہ فون رابطہ کر کے حالت سے آگاہی حاصل کریں ۔ علاوہ ازیں اپنی گاڑیوں کو بھی بالکل محفوظ طریقہ سے رکھیں اور شارٹ سرکٹ جیسے حادثات سے محفوظ رہنے کے لیے برقی کنکشن کا مین سوئچ بند کردیں ۔ اور مقامی افراد کسی سارق کی شناخت یا مشتبہ افراد کو علاقے میں پاتے ہیں تو پولیس کو مندرجہ ذیل فون نمبرات 9490616599 ۔ 040-27854777 پر اطلاع دیں ۔۔