سہ روزہ تبلیغی اجتماع کا آج اختتام

حیدرآباد ۔ /22 نومبر (سیاست نیوز)  سید ساجد پیر زادہ کے مطابق بابا شرف الدین صاحب سہروردی ؒ  پہاڑی شریف کے دامن میں سہ روزہ اجتماع دعوت و تبلیغ کے آخری دن یعنی /23 نومبر بروز پیر بعد نماز فجر وعظ بیان ہوگا اور 7 بجے سے تشکیل کا عمل شروع کیا جائے گا ۔ 9-30 بجے سے اجتماع کی اختتامی مجلس کا آغاز ہوگا جو 12 بجے تک جاری رہے گی ۔ مولانا قاسم قریشی صاحب  کے بیان اور دعا پر فرزندان توحید کا با مقصد روح پرور ایمان افروز دعوت دین اور فکر لیئے ہوئے اجتماع کا اختتام عمل میں آئیگا ۔ اجتماع میں شریک لاکھوں فرزندان توحید اللہ کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں پر عمل کرنے کا عہد کرتے ہوئے امت کے درد و غم سے بھرے جذبات کے ساتھ  قافلوں کی شکل میں ملک کے گوشے گوشے میں اپنی منزلوں کو واپس ہوں گے ۔