سہراب کیس میں امیت شاہ کی برأت باعث تشویش

نئی دہلی۔30 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے صدر بی جے پی امیت شاہ کو سہراب الدین شیخ فرضی انکاؤنٹر ہلاکت کیس میں خصوصی سی بی آئی عدالت کی جانب سے بری کردیئے جانے کو ’’حیران کن اور تشویشناک‘‘ تبدیلی قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ ’’مجبور اور بالکلیہ ساکت ‘‘ سی بی آئی پر ’’حکومت کا دباؤ ‘‘ ہے ۔ دوسری طرف خود سی بی آئی نے آج کہا کہ وہ یہ فیصلہ بعد میں کرے گی کہ آیا ممبئی اسپیشل کورٹ کے حکمنامہ کے خلاف اپیل دائر کی جائے یا نہیں ۔ اُس سے قبل وہ 2005 کی انکاؤنٹر ہلاکتوں کے تعلق سے عدالتی حکمنامہ کا تفصیلی جائزہ لے گی ۔ اس سوال پر کہ آیا ایجنسی اپیل دائر کرنے والی ہے ، سی بی آئی ترجمان نے یہاں کہا کہ پہلے ہم بعد وصولی حکمنامہ پڑھیں گے اور اُس کے بعد کوئی مناسب موقف اختیار کیا جائے گا ۔ ممبئی میں آج سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے امیت شاہ کو اس کیس میں بری کردیا ہے ۔ کانگریس نے یہ یاددہانی کراتے ہوئے کہ قبل ازیں ایک عدالتی حکمنامہ جاری کیا گیا تھا کہ امیت شاہ کو گجرات سے دور رکھا جانا چاہئے کیونکہ وہ تحقیقات پر اثرانداز ہوسکتے ہیں ، پارٹی ترجمان اجئے کمار نے تعجب ظاہر کیا کہ ’’یکایک آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ اس معاملے میں بالکلیہ برعکس تبدیلی آگئی اور یکایک اُنھیں الزامات منصوبہ سے بری کردیا جاتا ہے ۔ لہذا یہ واقعہ تشویشناک اور عجیب و غریب تبدیلی ہے ‘‘۔