سہراب کیس : بھائی کو دھمکانے پر پولیس پر الزام

ممبئی 22 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فرضی انکاؤنٹر کے متوفی سہراب الدین شیخ کے بھائی رباب الدین شیخ نے آج سی بی آئی عدالت میں الزام عائد کیا کہ اس کیس کے ایک ملزم سابق گجرات پولیس عہدیدار نے انہیں دھمکیاں دی ہیں۔ سہراب الدین شیخ اور تلسی رام پرجاتپی فرضی انکاؤنٹر کے مقدمات کو ممبئی منتقل کردیا گیا ہے ۔ شیخ نے عدالت میںدرخواست پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک سابق سب انسپکٹر پولیس نریش چوہان نے عدالت کی کارروائی شروع ہونے سے قبل انہیں عدالت کے احاطہ میں دھمکیاں دی ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ چوہان کی ضمانت کو منسوخ کرتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ جج بی ایچ لویا نے چوہان کو جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ امکان ہے کہ آئندہ مہینے اس مقدمہ کی آئندہ سماعت منعقد ہوگی ۔ اس دوران اس کیس کے ایک اور ملزم بی جے پی صدر امیت شاہ نے آج حاضری سے استثنی کیلئے تازہ درخواست عدالت میں پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مہاراشٹرا اور ہریانہ میں انتخابات کی وجہ سے مصروف ہیں۔ عدالت نے ا نکی استثنی کی درخواست کو قبول کرلیا ہے ۔