سہراب الدین کے بھائی کاونزارا کی برأت کو چیلنج

ممبئی ۔7 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مبینہ جعلی انکاؤنٹر میں ہلاک سہراب کے الدین کے بھائی رُباب الدین شیخ نے بمبئی ہائیکورٹ میں گجرات اے ٹی ایس کے سابق سربراہ ڈی جی ونزارا اور راجستھان کے آئی پی ایس عہدیدار دنیش ایم ایچ کی اس مقدمہ میں برأت کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست پیش کی ہے ۔ خصوصی سی بی آئی عدالت نے گزشتہ ہفتہ ونزار اور دنیش کو اُن کے خلاف بادی النظر میں کوئی ثبوت موجود نہ ہونے کی بناء پر بری کردیا تھا۔ رُباب الدین نے ہائیکورٹ میں داخل اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ اس بات کے کافی ثبوت ریکارڈ پر موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ سہراب الدین کا اغواء کیا گیا تھا اور حبس بیجا میں رکھا گیا تھا ۔ اُس کے قریبی ساتھی تلسی پرجاپتی کو ایک جعلی انکاؤنٹر میں ہلاک کیا گیا تھا ۔ سی بی آئی کے بموجب سہراب الدین ایک گینگسٹر تھا جس کے مبینہ طورپر پاکستانی دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ سے روابط تھے اور اُس کی بیوی کوثر کو بھی گجرات اے ٹی ایس نے حیدرآباد سے اغواء کیا تھا اور اس جوڑے کو مہاراشٹرا میں سانگھلی کے مقام پر جبکہ وہ راستہ میں تھے ایک مبینہ جعلی انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا تھا ۔