رتلم ( مدھیہ پردیش ) ۔ 23 ۔ جون : (سیاست ڈاٹ کام ) : رتلم کے ایک گاؤں میں 5 افراد بشمول سہراب الدین شیخ مرحوم (جنہیں گجرات کے فرضی انکاونٹر میں ہلاک کردیا گیا تھا ) کے بھائی ریاض الدین کو جعلسازی کے ذریعہ اراضی پر قبضہ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس خصوص میں ایک دیہاتی برکت بھائی اور ان کی بہن نے پولیس سپرنٹنڈنٹ رتلم اویناش شرما سے شکایت کی تھی جس پر سب ڈیویژنل مجسٹریٹ نہیا بھارتی کی نگرانی میں ایک ٹیم دھاراؤ گاوں روانہ کی گئی جہاں پر ملزمین نے ایک قطعہ اراضی پر قبضہ کرلیا تھا ۔ سٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ پی ایس رنوت نے بتایا کہ ریاض الدین اپنے مسلح بھائیوں کے ہمراہ کل موضع دھاراؤ پہنچکر جھوٹا وصیت نامہ پیش کرتے ہوئے اراضی پر قبضہ کرلیا ۔ لیکن اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا ۔