ممبئی ۔ 6 ۔ اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) سہراب الدین شیخ کے چھوٹے بھائی رباب الدین شیخ نے آج حیرت انگیز طور پر فرضی انکاؤنٹر مقدمہ میں صدر بی جے پی امیت شاہ کو بری کردیئے جانے کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کردہ درخواست سے دستبرداری کی خواہش کی ہے ۔ تاہم عدالت نے فوری طور پر اس مقدمہ کو ختم کرنے کی درخواست قبول نہیں کی۔ گجرات کے 2005 ء فرضی انکاؤنٹر مقدمہ میں امیت شاہ کے علاوہ دیگر کئی سرکردہ پولیس عہدیدار ملزم ہیں۔ خصوصی سی بی آئی جج نے ممبئی میں سیشن کورٹ احاطہ میں گزشتہ سال امیت شاہ کو بادی النظر میں کوئی ثبوت نہ ہونے کی بناء بری کردیا تھا۔ رباب الدین اس فیصلہ کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے اور بری کئے جا نے کو چیلنج کیا لیکن آج انہوں نے دو صفحات پر مشتمل درخواست جسٹس انوجا پربھو دیسائی بمبئی ہائیکورٹ کو پیش کی اور کہا کہ وہ رضاکارانہ طور پر چیلنج کی گئی درخواست سے دستبرداری کے خواہاں ہیں ۔ جج اس درخواست کی سماعت چہارشنبہ کو مقرر کرنے کے خواہاں تھے لیکن رباب الدین نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے بچوں کا اسکول متاثر ہو۔ چنانچہ جج نے دو ہفتوں بعد سماعت مقرر کی ہے۔ رباب الدین نے کہا کہ وہ کسی کے دباؤ میں آکر ایسا نہیں کر رہے ہیں۔