سہارن پور ،3اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)اترپردیش کے سہارن پور ضلع میں ڈینگی بخار میں مبتلا چھ افراد کی موت ہوگئی جبکہ کئی بیمار ہوگئے ۔ چیف میڈیکل افسر(سی ایم او) ڈاکٹر بی ایس سوڈھی نے بدھ کو بتایا کہ ڈینگی بخار میں مبتلا تین بچوں کی موت بڈگاؤں علاقے میں ہوئی ہے ۔اس میں مبتلا کچھ بچوں کا علاج میرٹھ میں کرایا جارہا ہے ۔ سی ایم او کے مطابق ضلع اسپتال میں بخار سے بے حال 2306مریض پہنچے ،اتنے ہی مریض پرائیویٹ اسپتالوں میں بھرتی ہیں۔روزانہ 50سے 60 لوگوں کو بخار ہونے کی اطلاع طبی محکمے کو مل رہی ہے ۔چلکانا،گاگل ہیڑی اور چھٹمل پور میں ڈینگی سے اموات ہوئی ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق ضلع میں اب تک چھ افراد کی ڈینگی بخار سے موت ہوچکی ہے۔
سی ایم او نے ضلع کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رکھے کولر کے پانی کو ہر 12گھنٹے میں بدلیں،نالی کے پانی میں تھوڑا مٹی کا تیل ڈالیں،پوری آستین کے کپڑے پہنیں،جس سے ڈینگی کا مچھر کاٹ نہ سکے ۔ڈسٹرک ملیریا افسر ڈاکٹر شیوانکا گوڈ نے کہاکہ جہاں سے بھی ڈینگی کے بخار کی خبریں مل رہی ہیں وہاں فوراً جانچ ٹیمیں بھیجی جارہی ہیں۔