سہارنپور ۔ یکم / اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سہارنپور جو گزشتہ کچھ دنوں سے فسادات کی لپیٹ میں تھا جس کے بعد کرفیو کا نفاذ ناگزیر ہوگیا تھا لیکن صورتحال کی معمول کی جانب واپسی کے بعد کرفیو کے نفاذ میں آٹھو گھنٹوں کی نرمی کا اعلان کیا گیا ہے جو صبح 10 تا شام 6 بجے کے درمیان ہوگا ۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سندھیا تیواری نے یہ بات بتائی ۔ تمام سرکاری دفاتر حسب معمول کام کررہے ہیں جبکہ بازاروں میں معمول کے مطابق بھیڑ دیکھی جارہی ہے ۔ دوسری طرف ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹانڈس پر عوام کی کثیر تعداد دیکھی جارہی ہے ۔ ضلع انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کی کشادگی کی اجازت نہیں دی ۔ گزشتہ ہفتہ جن علاقوں میں تشدد پھوٹ پڑا تھا وہاں سیکوریٹی فورسس کو تعینات کیا گیا ہے ۔ دو فرقوں کے درمیان اراضی کے تنازعہ میں تشدد پھوٹ پڑا تھا جس میں 3 افراد ہلاک و 34 زخمی ہوئے تھے ۔ تشدد کے دوران 165 دوکانات اور 42 گاڑیوں کو نذر آتش کردیا گیا تھا ۔
تپس پال متنازعہ ریمارکس کیس، فیصلہ 13 اگست کو
کولکتہ ۔ یکم ؍ اگست (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ ہائیکورٹ نے ترنمول کانگریس ایم پی تپس پال معاملہ کی سماعت کی تکمیل کے بعد 13 اگست کو فیصلہ سنائے جانے کا اعلان کیا اور اس طرح تپس پال کے ’’شوٹ اینڈ ریپ‘‘ ریمارک پر ایف آئی آر درج کئے جانے پر التوا میں توسیع کر دی۔ جسٹس گریش گپتا اور جسٹس ٹی چکرورتی پر مشتمل ایک بنچ نے تیسرے روز کیس کی سماعت کی۔ التواء میں 14 اگست تک توسیع کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ خواتین کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر تپس پال کو تنقیدوں کا سامنا ہے۔ ٹی ایم سی ایم پی کلیان بنرجی جو ایک سینئر وکیل بھی ہیں، جنہوں نے حکومت کی نمائندگی کرکے سنگل بنچ کے حکمنامہ کو چیلنج کیا۔ انہوں نے بنچ سے کہا کہ پولیس تپس پال کے ریمارکس پر مشتمل اوریجنل ویڈیو ٹیپ حاصل کرنے کوشاں ہے جسے ایک چینل نے نشر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو اصلی ٹیپ نہیں ملا ہے، جیسے ہی ٹیپ مل جائے گا تحقیقات کا آغاز ہوجائیگا۔