سہارنپور ڈویژن میں اب تک دو کروڑ روپئے برآمد

سہارنپور 3اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات کے اعلان کے بعد سے اب تک اترپردیش کے ضلع سہارنپور منڈل سے دو کروڑ روپئے سے زیادہ کی رقم برآمد کی جاچکی ہے ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس شرد سچان نے چہارشنبہ کو یو این آئی کو بتایا کہ ضابطہ اخلاق کے چلتے سہارنپور، شاملی اور مظفر نگر ضلع سے دس مارچ سے دو اپریل کے درمیان دو کروڑ 19 لاکھ15 ہزار 132 روپئے کی رقم برآمد کی گئی ہے جس میں سہارنپور سے 85 لاکھ 60 ہزار 552 روپئے ، شاملی سے ایک کروڑ 07 لاکھ 75 ہزار 200 روپئے اور مظفر نگر سے 25 لاکھ 79 ہزار روپئے برآمد ہوئے ۔ کل دو کروڑ 19 لاکھ 15 ہزار 132 روپئے برآمد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضابطہ اخلاق کی وجہ سے کوئی بھی شخص 50 ہزار سے زیادہ کی نقدی کے ساتھ پکڑے جانے پر رقم کی پوری تفصیل دینا ضروری ہے ۔ مسٹر سچان نے بتایا کہ رینج میں اب تک ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کل 6 مقدمے درج ہوئے ہیں جن میں سہارنپور میں چار اور شاملی میں دو مقدمے درج کئے گئے ۔ مظفر نگر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ہے ۔