سہارا گروپ نے گڑگاؤں اراضی 1,211 کروڑ میں فروخت کردی

2014 کی بڑی معاملت :صدر نشین سبرتا رائے کی جیل سے رہائی کیلئے رقم فراہم کرنا مقصد
نئی دہلی ۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سہارا گروپ کے صدرنشین سبرتا رائے کی تہاڑ جیل سے رہائی کیلئے رقم فراہم کرنے کے مقصد سے سہارا گروپ نے آج ایک بڑا خطہ اراضی جو گڑگاؤں کے قریب واقع ہے، 1,211 کروڑ روپئے میں جائیداد کی کمپنی ایم 3 ایم کے ہاتھ فروخت کردی۔ یہ گروپ سمجھا جاتا ہیکہ دو مزید خطاط اراضی کے سودے بھی کرچکا ہے جن میں سے ایک وساعی ممبئی اور دوسرا جودھپور راجستھان میں واقع ہے۔ ان کے سودے 1250 کروڑ روپئے میں کئے گئے ہیں۔ پونے کی اراضی کی فروخت کیلئے بات چیت قطعیت کے مراحل میں ہے۔ سرکاری طور پر دونوں سودوں کا اعلان ہنوز نہیں کیا گیا ہے۔ گڑگاؤں کے سودے کا اعلان کرتے ہوئے جو غالباً 2014ء میں اب تک کا سب سے بڑا سودا ہے، ایم 3 ایم انڈیا نے کہا کہ 185 ایکر اراضی خریدی جارہی ہے جس کے مشترکہ استعمال تعمیر امکنہ اور دیگر ہیں۔ فروخت کی لاگت امکان ہیکہ آئندہ 6 تا 8 سال میں 1200 کروڑ روپئے سے زیادہ ہوجائے گی۔ ایم 3 ایم کے ڈائرکٹر پنکج بنسل نے کہا کہ سہارا نے یہ اراضی مجبوراً فروخت نہیں کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سودا سپریم کورٹ کی منظوری سے کیا گیا ہے اور دو ماہ قبل بازار کی قیمت کے مطابق طئے ہوا تھا جبکہ سہارا گروپ نے ایم 3 ایم انڈیا سے ربط پیدا کیا تھا۔ جملہ 1,211 کروڑ روپئے 6 ماہ کی مدت میں اقساط میں ادا کی جائے گی۔ سہارا گروپ کو اس اراضی کی خریداری کیلئے جو گڑ گاؤں کے دیہات چوما میں واقع ہے، بعد کی تاریخوں کے چیک دیئے جاچکے ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے سہارا گروپ کو 4 خانگی جائیدادوں کی فروخت کیلئے پیشرفت کرنے کی اجازت حاصل ہونے سے چند دن کے اندر ہی اس سودے کا اعلان کیا گیا ہے جس سے امکان ہیکہ 2,710 کروڑ حاصل ہوں گے جبکہ سبرتا رائے کی رہائی کیلئے 10,000 کروڑ روپئے کی ضرورت ہے۔ چوما کی اراضی کے علاوہ عدالت نے سہارا کو جودھپور، پونے اور وساعی کی جائیدادیں فروخت کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔ ذرائع کے بموجب وساعی کی اراضی 1,111 کروڑ روپئے اور جودھپور کی 140 کروڑ روپئے میں فروخت کی جارہی ہے۔