میٹرک پاس طلبہ کو موٹر سائیکل حوالہ نہ کی جائے ، ٹرانسپورٹ کمشنر کا سرپرستوں کو مشورہ
حیدرآباد۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) سگریٹ پیاکٹس کی طرح بہت جلد شراب کی بوتلوں پر بھی تصویری انتباہ درج کیا جائے گا تاکہ حالت نشہ میں ڈرائیونگ کی لعنت ختم کی جاسکے۔ حالت نشہ میں ڈرائیونگ کی وجہ سے جان لیوا حادثے ہورہے ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ اکسائیز ڈپارٹمنٹ نے اعلان کیا کہ شراب کی بوتلوں پر تصویری انتباہ کا مقصد عوام میں شعور بیدار کرنا ہے اور ریاست میں حالت نشہ میں ڈرائیونگ کے خلاف کارروائی میں پولیس کی مدد کرنا ہے۔ کمشنر اکسائیز آر وی چندراودن نے سائبرآباد میٹروپولیٹن پولیس کی طرف سے کمسن افراد کے نشہ کرنے اور حالت نشہ میں ڈرائیونگ کے خلاف بیداری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا کہ ماہ جون میں حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے کے 4,670 کیسیس پکڑے گئے۔ گزشتہ سال جون میں بھی اتنے ہی کیسیس ہوئے تھے۔ اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کمشنر سندیپ سلطانیہ نے کہا کہ ہندوستان میں اموات کی بڑی وجہ سڑک حادثات ہیں۔ بیشتر حادثے اس لئے ہوئے ہیں کہ عوام ٹریفک قواعد کی پابندی نہیں کرتے۔ اطلاعات کے مطابق کم عمر افراد کی ڈرائیونگ کی وجہ سے زیادہ حادثات ہورہے ہیں۔ سندیپ سلطانیہ نے کہا کہ سرپرستوں کو چاہئے کہ وہ دسویں جماعت کامیاب کم عمر بچوں کو موٹر سائیکلیں حوالہ نہ کریں۔ بیداری پروگرام شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل حالت نشہ میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑے گئے ایک 26 سالہ نوجوان کو پیش کیا گیا۔ اس کی سانس کا تجزیہ کرنے سے پتہ چلا کہ وہ نشہ کئے ہوئے ہے۔