سکیولر اور جمہوری پارٹیوں کے اتحاد کی ضرورت : سی پی آئی

نئی دہلی۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی نے آج مستقبل کے انتخابات میں بی جے پی کی لہر کو روکنے کیلئے قومی سطح پر ایک سکیولر اور جمہوری پارٹیوں کے اتحاد پر زور دیا۔ پارٹی کے قومی سیکریٹری ڈی راجہ نے کہا کہ کانگریس کو ایک بڑی جماعت ہونے کی بناء موجودہ سیاسی صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لینا ہوگا اور وہ دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر غور کرے تاکہ بی جے پی کا مقابلہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ صدارتی انتخابات اور اسمبلی انتخابات جو وزیراعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں اواخر سال ہونے والے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہوکر حکمت عملی اختیار کرنا چاہئے۔ ڈی راجہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں دائیں بازو کی تخریبی ، فسطائی اور سماج کو تقسیم کرنے والی کوششوں کے خلاف مزاحمت کی ضرورت ہے۔ سی پی آئی اور سی پی ایم نے پہلے ہی اس ضمن میں بات چیت شروع کردی ہے۔