سرینگر 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اعتدال پسند حریت کانفرنس کے چیرمین میر واعظ عمر فاروق نے قومی تحقیقاتی ایجنسی سے کہا ہے کہ اُن سے دہلی کے بجائے یہیں پر پوچھ تاچھ کرے کیوں کہ اُنھیں دشمنی کے حالات کے تناظر میں اپنی سکیوریٹی کے تعلق سے اندیشے ہیں۔ این آئی اے کشمیر میں حوالہ چیانلوں کے ذریعہ دہشت گردی کے لئے فنڈس فراہم کرنے سے متعلق ایک کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔ ایجنسی نے گزشتہ ماہ میر واعظ کے بشمول علیحدگی پسندوں کے خلاف سلسلہ وار دھاوے کئے اور اُنھیں دہلی میں پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیا ہے۔ میر واعظ کے کونسل اعجاز احمد ڈھار نے ایجنسی کی 6 مارچ کی نوٹس کے جواب میں اُنھیں ایک مکتوب لکھا ہے کہ دشمنی کے موجودہ حالات کے تحت جہاں میرے موکل کی شخصی سلامتی کو خطرہ ہے، میرے موکل کے لئے غیر دانشمندانہ ہے کہ دہلی کا سفر کیا جائے۔ اگر این آئی اے میر واعظ سے پوچھ تاچھ کرنا چاہتی ہے تو یہ کام سرینگر میں ہوسکتا ہے اور وہ تعاون کے لئے تیار ہیں کیوں کہ اُن کے پاس چھپانے کے لئے کچھ نہیں۔ کونسل نے 10 مارچ کو یہ مکتوب تحریر کیا جس کی نقل آج جاری کی گئی۔