نئی دہلی۔3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)افغانستان میں خودکش حملے میں سکھوں اور ہندووں کی ہلاکت کے خلا ف شرومنی اکالی دل ، شرومنی گردوارہ پربندھک کمیٹی ، دہلی سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی اور افغان سنگت نے آج یہاں افغانستان کے سفارت خانہ کے باہر مظاہرہ کیا۔اغانستان کے شمال مشرق جلال آباد میں اتوار کو خودکش حملے میں انیس افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ ہلاک ہونے والوں میں بیشتر سکھ اور ہندو فرقہ کے تھے ۔ سکھ شہریوں کی سلامتی کا مطالبہ کرتے ہوئے چانکیہ پوری میں واقع سفارت خانہ کے باہر مظاہرین نے کہا کہ سکھ سنگت افغانستان میں رہنے والے سکھوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ مظاہرین نے افغانستان میں رہنے والے سکھوں کی سلامتی کا مطالبہ کرتے ہوئے وہاں کی حکومت سے معاوضہ کی مانگ کی۔ایس جی پی سی کے صدر گوبند سنگھ لونگوال نے حملے میں ہلاک ہر سکھ خاندان کو ایک لاکھ روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان کیا۔ ہلاک ہونے والوں کے بچوں کی تعلیم کا خرچ بھی کمیٹی برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں زخمیوں کے علاج کے لئے پچا س پچاس ہزار روپے کی مالی مدد دیجائے گی۔انہوں نے کہا کہ مناسب ہوگا کہ زخمیوں کا علاج ہندوستان لاکر کرایا جائے ۔