ناسک ۔ /27 جون (سیاست ڈاٹ کام) انڈین ایرفورس میں شمولیت کا منتظر ایک سکھوئی طیارہ آج یہاں تباہ ہوگیا جو روز مرہ کی پرواز میں مصروف تھا کہ اچانک انگور کے باغ کے قریب میدان پر گرنے کے بعد تباہ ہوگیا ۔ لیکن اس میں سوار دونوں پائیلٹس بحفاظت باہر نکل گئے ۔ پولیس نے کہا کہ ہندوستان ایروناؤٹکس لمیٹیڈ (ایچ اے ایل) کا یہ ہمہ مقصدی فضائی لڑاکا طیارہ ناسک کے قریب واقع ایچ اے ایل فضائی پٹی سے پرواز کے کچھ دیر بعد 25 کیلو میٹر دور تباہ ہوگیا ۔ ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ تکنیکی خامی اس حادثہ کا سبب ہوسکتی ہے ۔ جامع تحقیقات سے حقیقی سبب کا انکشاف ہوگا ۔ حادثہ کے مقام سے قریب کام میں مصروف چند کھیت مزدور تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے پرزے لگنے سے زخمی ہوگئے جنہیں پمپل گاؤں کے دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے ۔ سکھوئی ایس یو ۔ 30 ایم کے آئی لڑاکا طیارہ ہر موسم میں فضاء سے فضاء اور زمین سے زمین پر جاری مہمات میں استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ ایس یو ۔ 30 لڑاکا طیاروں کو سب سے پہلے 1990ء میں انڈین ایرفورس میں شامل کیا گیا تھا ۔