حیدرآباد 25 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) تلنگانہ میں سکنڈری اسکول ایجوکیشن اور انٹرمیڈیٹ تعلیم بورڈ کو ملا کر ایک بورڈ قائم کرنے کی تجویز پر حکومت غور کررہی ہے ۔ تجویز پر ملا جلا ردعمل ظاہر کیا جارہا ہے ۔ ملک میں ٹاملناڈو اور یو پی ایسی ریاستیں ہیں جہاں دسویں اور انٹرمیڈیٹ ایک ہی ادارہ کے تحت ہیں ۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں ایس ایس سی و انٹرتعلیم ایک ادارہ کے تحت کرنے سے کارپوریٹ اداروں کے مالیاتی مفادات پر ضرب لگے گی ۔
سیکریٹریٹ پر طلبا تنظیموں کا دھرنا
اور احتجاج ‘ کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 25 اپریل (سیاست نیوز) سیکریٹریٹ کا علاقہ کا آج بائیں بازو طلبہ کے احتجاج سے دہل گیا۔ انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بے قاعدگیوں اور طلبہ کی ہلاکتوں پر برہم طلبہ تنظیموں اے آئی ایس ایف، اور اے آئی وائی ایف نے آج سیکریٹریٹ کا گھیراؤ کیا، تاہم بھاری پولیس نے طاقت کا استعمال کرکے طلبہ تنظیموں کے قائدین و کارکنوں کو گرفتار کرلیا اور انہیں رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ طلبہ تنظیموں کے قائدین نے انٹرمیڈیٹ طلبہ کی اموات کا ذمہ دار سیکریٹری اشوک کو قرار دیا اور اس کو فوری معطل کرنے اور وزیر تعلیم جگدیشور ریڈی کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔ طلبہ تنظیموں نے ہر طالب علم کے خاندان کو 30 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کرنے اور انٹرمیڈیٹ بورڈ میں اصلاحات کا مطالبہ کیا۔ طلبہ قائدین برہم انداز میں حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔