سکندرآباد کے کئی بوتھس پر وہیل چیرس ندارد ، معمر افراد کو مشکلات

حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : جی ایچ ایم سی کی جانب سے پولنگ بوتھ پر معمر رائے دہندگان کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے وعدے کی تکمیل نہیں ہوپائی اس کی ایک مثال سکندرآباد کنٹونمنٹ کے بیشتر علاقوں کی ہے جہاں شہریوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ رسول پورہ کے ایس ایس نمبر 48 ، 49 اور 46 کے تین بوتھ ایک ہی کمیونٹی ہال میں موجود تھے اور یہ کمیونٹی ہال گنجان آبادی والے علاقے میں موجود ہے جہاں تین بوتھس تھے لیکن یہاں معمر رائے دہندگان کے لیے نہ ہی وہیل چیر کا انتظام تھا اور نہ ہی بہتر رہنمائی کے لیے کوئی رضاکار موجود تھے ۔ ووٹ ڈالنے کے لیے جو سلپ فراہم کی گئی تھی اس پر پولنگ بوتھ کے نمبرات واضح درج تھے لیکن عوام کو بہتر رہنمائی حاصل نہ ہونے کی وجہ سے معمر رائے دہندوں کو ایک قطار سے دوسری قطار میں کھڑا ہوتا دکھا گیا ہے ۔ رسول پورہ بوتھ 48 ، 49 اور 46 پر خاص کر معمر افراد کافی پریشان رہے ۔ یہاں 49 پر ووٹ ڈالنے آئے 80 سالہ شیخ احمد کو اپنے حق رائے دہی سے استفادہ میں کافی پریشانی اٹھانی پڑی کیوں کہ ووٹنگ مشین تک رسائی کے لیے پہلے تو ہیل چیر کا انتظام نہیں تھا جب کہ ایک چھوٹے سے ہال میں 3 بوتھس ہونے سے ہجوم بڑھ گیا جہاں لمبی قطاروں کی وجہ سے معمر افراد کو آگے بڑھنے میں پریشانی ہورہی تھی ۔۔