سکندرآباد سے چھایارتن عام آدمی پارٹی کی پارلیمانی امیدوار

فرض شناس عہدیدار کی شناخت رکھنے والی خاتون کو مختلف طبقات کی زبردست تائید

حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) سینئر بیوروکریٹ اور 35 برسوں تک ریاستی نظم و نسق میں فرض شناس عہدیدار کی حیثیت سے شناخت رکھنے والی شریمتی چھایا رتن عام آدمی پارٹی امیدوار کی حیثیت سے لوک سبھا حلقہ سکندرآباد سے مقابلہ کررہی ہیں۔ سماج اور بالخصوص سرکاری اداروں سے کرپشن کے خاتمہ اور حکومت کو جوابدہ بنانے کے جذبہ کے تحت چھایا رتن نے عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی امیدواری کے اعلان کے ساتھ ہی لوک سبھا حلقہ سکندرآباد کے مختلف طبقات سے انہیں زبردست تائید حاصل ہوئی ہے۔ عام آدمی پارٹی جس نے دہلی میں حکومت کے قیام اور عوامی بھلائی سے متعلق اہم اقدامات کی مثال قائم کی ہے، اسی طرز پر چھایا رتن چاہتی ہیں کہ وہ سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کے عوام کو سرکاری اسکیمات سے مکمل استفادہ کا موقع فراہم کریں۔ عوامی بھلائی کیلئے مختص کیا جانے والا بجٹ کا ہر پیسہ عوام تک پہنچنا چاہیئے۔ چھایا رتن نے تعلیم، صحت، خواتین، اقلیتوں اور قبائیل کی بہبود سے متعلق کئی ایک اسکیمات کا آغاز کیا تھا۔

اگرچہ انہوں نے مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دیں تاہم محکمہ اقلیتی بہبود میں پرنسپل سکریٹری کی حیثیت سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے ان کی مساعی کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ چھایا رتن نے درگاہ حضرت حسین شاہ ولی ؒ کی اوقافی اراضی کو منی کونڈہ میں لینکو ہلز کو حوالے کرنے کی سختی سے مخالفت کی تھی۔ انہوں نے اس مسئلہ پر چیف سکریٹری اور وقت کے چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کے موقف سے بھی اختلاف کیا۔ آخر کار حکومت نے ان کا تبادلہ کرکے وقف اراضی کو لینکو ہلز کے حوالے کردیا۔ چھایا رتن سماجی انصاف اور عملی سیاست سے کرپشن اور بے قاعدگیوں کے خاتمہ کیلئے جدوجہد کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے اپنے کریئر میں ہمیشہ مفاد پرست عناصر کے خلاف جدوجہد کی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وہ سماج سے کرپشن، فرقہ پرستی اور سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمہ کے حق میں ہیں۔ وہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے رائے دہندوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور غریبوں کی بھلائی پر خصوصی توجہ مرکوز کریں گی۔ نظم و نسق حقیقی معنوں میں عوام کے تابع ہوگا اور سرکاری عہدیدار کسی بھی اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں عوام کو جوابدہ ہوں گے۔ عام آدمی پارٹی نے ایک بے داغ کریئر کی حامل خاتون بیورو کریٹ کو میدان میں اُتارا ہے۔ چھایا رتن نے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران ہر طبقہ سے انہیں مناسب تائید حاصل ہورہی ہے۔