سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی ہمہ منزلہ پارکنگ عمارت کی منظوری

حیدرآباد ۔ 22 جولائی (سیاست نیوز) سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے نزد ہمہ منزلہ پارکنگ عمارت کیلئے نئی دہلی کے ریلوے بورڈ نے منظوری دے دی ہے اور اب سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے پلاٹ فارم نمبر ایک متصل گنیش مندر ایک ہمہ منزلہ پارکنگ عمارت تعمیر کی جائے گی۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر روزانہ 1.80 لاکھ مسافرین کی آمدورفت ہوتی ہے اور پارک کی بہتر اور کشادہ سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن آنے اور جانے والے مسافرین کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اسی دوران وزیر ریلوے پیوش گوئل کے یہاں کے دورہ کے موقع پر ان کی توجہ اس مسئلہ کی جانب مبذول کروائی گئی تھی جس پر انہوں نے جلد ہی مثبت اقدامات کرنے کا تیقن دیا تھا۔ اس مسئلہ پر حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر اور دیگر عہدیداروں سے تبادلہ خیال بھی ہوا تھا۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے انجینئرنگ شعبہ کے بموجب حکام کی جانب سے اس ہمہ منزلہ پارکنگ کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کے بعد اس پر حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ، حکومت تلنگانہ کے نوڈل آفیسر سے تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ اس عمارت کی تعمیر کیلئے مقام کی بھی نشاندہی کی گئی تھی ۔