سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر ایک کیلو سونا ،30 کیلو چاندی ضبط

حیدرآباد ۔ /17 اپریل (سیاست نیوز) سکندرآباد گورنمنٹ ریلوے پولیس نے غیرقانونی طور پر ٹرین میں سونا منتقل کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ سپرنٹنڈنٹ ریلوے پولیس اشوک کمار نے کہا کہ ناندیڑ ، مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے وشال راجا رام ورما اور نکھل گووند ورما کو شبہ کی بنیاد پر سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر جئے پور ایکسپریس ٹرین سے حراست میں لے لیا گیا ۔ ان کی تلاشی کے دوران پولیس کو ایک کیلو سونا (سونے کے بسکٹس) اور 30 کیلو چاندی برآمد ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ افراد غیرقانونی طور پر سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ سونے چاندی کی مالیت 45 لاکھ ہے ۔ گرفتار شدہ افراد کو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ حکام کے حوالے کردیا گیا۔