سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے کمسن بچے کا اغوا

دو خواتین پر اغوا کا شبہ ۔ بچے کا پتہ چلانے خصوصی پولیس ٹیموں کی تشکیل
حیدرآباد 20 اگسٹ (سیاست نیوز) سکندرآباد ریلوے اسٹیشن سے کم عمر بچے کا نامعلوم خواتین نے اغواکرلیا۔ اِس واقعہ کے بعد سکندرآباد اسٹیشن پر سنسنی پھیل گئی ۔ ریلوے پولیس نے اغواکنندہ خواتین کو گرفتار کرنے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ تفصیلات کے بموجب 7 سالہ آیوش اپنی ماں سنجو کے ہمراہ کانپور روانگی کیلئے داناپور اکسپریس ٹرین میں سوار ہونے صبح 9.30 سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پہونچا ۔ لڑکے کی ماں اُسے جنرل ویٹنگ روم میں چھوڑ کر کچھ دیر کیلئے گئی تھی ۔ واپس لوٹنے پر پتہ چلا کہ اُس کا بیٹا موجود نہیں ہے۔ بچہ کے اچانک پُراسرار لاپتہ ہونے پر ماں نے ریلوے پولیس سکندرآباد سے شکایت درج کروائی جس پر پولیس فوری حرکت میں آکر مقدمہ درج کرکے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کا تجزیہ کیا جس میں بچے کو دو نامعلوم خواتین کے ہمراہ ریلوے اسٹیشن کے باہر جاتا ہوا دیکھا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ آیوش کو دو نامعلوم خواتین جو ساڑی اور قمیص شلوار میں ملبوس تھیں بچوں کو آر ٹی سی بس سرویس نمبر 47L میں سوار ہوگئے جس کے بعد بچہ رونے لگا۔ خواتین تیز رفتاری الفا ہوٹل سکندرآباد پر اُتر گئیں اور وہاں سے بچہ کو لیکر فرار ہوگئیں۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس ریلویز مسٹر سندیپ شنڈالیہ نے اِس بات کا علم ہونے پر مغویہ بچے کی بازیابی کیلئے ریلوے پولیس کی تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور کمشنر ٹاسک فورس کی ٹیمیں بھی اغواء کنندہ خواتین کی تلاش میں سرگرم ہیں۔ ریلوے پولیس نے تمام ریلوے اسٹیشنس پر اغواکنندہ خواتین کی نشاندہی کیلئے آگاہ کیا اور پولیس آؤٹ پوسٹ کو تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم سکندرآباد کے تمام سی سی کیمروں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ نامعلوم خواتین کی نقل و حرکت کا پتہ لگایا جاسکے۔ بچے کی تلاش کیلئے سٹی پولیس نے شہر کے تمام بس ڈپو و اسٹیشنس کو چوکس کردیا ہے۔