شہر میں سڑکوں کی کشادگی اور ترقی کے لیے نئی حکومت کے موثر اقدامات
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : شہر حیدرآباد کے نقشہ میں ایک اور ایکسپریس ہائی وے اور آوٹر رنگ روڈ کا اضافہ ہونے والا ہے ۔ ترقیاتی پراجکٹس کے حصول اور بین الاقوامی طرز کی ترقی کے لیے ریاستی حکومت نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ اور ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس خصوص میں ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا اور ایکسپریس ہائی وے کی جنگی خطوط پر تکمیل کو یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کردئیے ۔ یہ ایکسپریس وے نا صرف حادثات کی روک تھام میں معاون ثابت ہوگا بلکہ شہر کے اطراف آوٹر رنگ روڈ سے شہر کے آئی ٹی انڈسٹریل اور ایجوکیشنل یہاں تک شہر کے کسی بھی حصہ میں راجیو راہداری سے بہ آسانی پہونچا جاسکتا ہے ۔ سکندرآباد علاقہ سے شاہ میر پیٹ کے علاقہ اس ایکسپریس ایلویٹیڈ ہائی وے تعمیر کیا جائے گا جو شاہ میر پیٹ سے راجیو راہداری اسٹیٹ ہائی وے سے منسلک ہوگا ۔ اس ایکسپریس ہائی وے کی تعمیر سے حیدرآباد کے نقشہ میں نہ صرف ایک اور ترقیاتی پراجکٹ کا اضافہ ہوگا بلکہ بین الاقوامی اداروں اور کمپنیوں کے علاوہ انڈسٹریل زون کو بھی سہولیات فراہم ہوں گی ۔ ریاست کی تشکیل کے بعد شہر کی ترقی اور ترقیاتی پراجکٹوں کے تعلق سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں لیکن تلنگانہ ریاست کی پہلی حکومت تلنگانہ راشٹرا سمیتی پارٹی نے ان تمام قیاس آرائیوں کو محض قیاس کے حد تک محدود رکھتے ہوئے ترقیاتی پراجکٹوں کو یقینی بنادیا ہے ۔ دانشوروں اور ماہرین کا ماننا ہے کہ ایسے پراجکٹوں سے بین الاقوامی سطح پر نہ صرف حیدرآباد کی شناخت ہوگی بلکہ حیدرآباد میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا تاحال بڑے سرمایہ دار حیدرآباد کو اپنے کاروبار کے لیے موزوں زون تصور کرتے ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ اسٹیٹ کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اضلاع سے شہر کو جوڑنے والے راستوں پر بھی خاص توجہ دیں ۔ چیف منسٹر نے اضلاع کی پنچایت راج سڑکوں کی کشادگی کے لیے بھی سنجیدگی سے کام کرنے کی ہدایت دی اور تقریبا 20 ہزار کیلو میٹر کو ترقی دینے کے منصوبہ کا اظہار کیا ۔ اضلاع کے ہیڈکوارٹرس میں 4 لائین اور منڈل ہیڈکوارٹرس میں 2 لائین سڑک تعمیر کرنے پر زور دیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 1672 کیلو میٹر 4 لائن اور 7287 کیلو میٹر 2 لائین کی سڑکیں تعمیر اور کشادہ کی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ ایک اور رنگ روڈ جو حیدرآباد سے 60 تا 100 کیلو میٹر کے احاطہ میں ہوگی تعمیر کی جائے گی اور نلگنڈہ و محبوب نگر کے علاقوں میں وسیع ٹرانسپورٹیشن کی سہولیات اور سٹیلائیٹ ٹاون شپس کو فروغ دیا جائے گا ۔ سکندرآباد تا شاہ میر پیٹ تک تعمیر ہونے والے ایکسپریس ہائی وے اور 60 تا 100 کیلو میٹر کے احاطہ میں مجوزہ ایک اور آوٹر رنگ روڈ کے لیے تخمینہ لاگت اور روڈ میاپ کو تیار کرنے کے اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی ۔۔