نئی دہلی۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سابق فٹبال کھلاڑی بھائی چنگ بھوتیا نے جو رسمی طور پر اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کی تمام تیاریاں مکمل کرچکے ہیں، کہا کہ علاقائی جماعتوں پر مشتمل وفاقی محاد کے قیام کے نظریہ پر وہ کھلا ذہن رکھتے ہیں، لیکن انہوں نے یہ بھی واضح کردیا کہ سکم میں حکمراں سکم ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی اے)کو شکست دینا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ ایس ڈی پی اس ریاست میں گزشتہ 25 سال سے برسراقتدار ہے۔ بھائی چنگ بھوتیا نے سکم سے ٹیلیفون پر پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سکم پارٹی کو مستحکم بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے تاکہ طویل عرصہ سے حکمرانی کرنے والے چیف منسٹر پون پاملنگ اور ان کی ایس ڈی پی کو اقتدار سے بیدخل کیا جاسکے۔43 سالہ سابق فٹبال کھلاڑی نے مزید کہا کہ ’’تیسرے محاذ کے لئے ہم کھلا ذہن رکھتے ہیں، لیکن ہماری اولین ترجیح اپنی پارٹی کو مستحکم بنانے اور سکم میں حکومت کی تبدیلی پر مرکوز رہے گی۔