جی ایچ ایم سی حدود میں پارٹی کو مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال ۔ سرگرم رہنے سابق وزیر کا ادعا
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی بوس راجو نے آج سابق وزیر مکیش گوڑ سے ملاقات کرکے تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بوس راجو نے کہا کہ مکیش گوڑ سینئیر قائد ہیں ۔ ان سے ملاقات میں کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ ماضی میں وہ فون پر مکیش گوڑ سے بات چیت کرچکے تھے آج ملاقات کررہے ہیں ۔ پارٹی کو تنظیمی سطح پر مضبوط و مستحکم کرنے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مکیش گوڑ سینئیر قائدین سے رابطے میں ہیں ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ اسمبلی گوشہ محل میں پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا گیا ۔ سابق وزیر مکیش گوڑ نے کہا کہ وہ پارٹی میں سرگرم ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد انتخابات میں وہ 100 بلدی ڈیویژن میں پارٹی کیلئے انتخابی مہم میں حصہ لے چکے ہیں ۔ وہ گاندھی بھون کے علاقے میں مقیم ہیں ۔ گھر میں رہنا گاندھی بھون میں رہنے کے برابر ہے ۔ پارٹی کی تازہ صورتحال پر وہ اے ائی سی سی سکریٹری بوس راجو سے بات چیت کرچکے ہیں ۔ اسمبلی حلقہ گوشہ محل میں کانگریس کافی مستحکم ہے ۔ مقامی رکن اسمبلی راجہ سنگھ عوامی توقعات کو پورا کرنے اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں جس سے عوام میں ان کے تعلق سے برہمی اور مایوسی پائی جاتی ہے ۔ سکریٹری اے آئی سی سی بوس راجو نے کہا کہ دہلی میں صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کے دوران ریاست کی صورتحال اور حکومت کی ناکامیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس ملاقات میں تنظیمی سطح پر منظم کرنے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ چیتنیہ بس یاترا کے ذریعہ کانگریس کارکنوں میں نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے ۔ حکومت کی ناکامیوں کو آشکار کرنے میں کانگریس پارٹی کوئی بھی موقع ضائع نہیں کررہی ہے ۔ کانگریس پارٹی انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی اپنے موقف میں مزید شدت پیدا کرے گی ۔ ریاست میں جو بھی قائدین پدیاترا کرنا چاہتے ہیں ان کے ناموں کی فہرست راہول گاندھی کو پیش کی جائے گی اور تمام قائدین کو پدیاترا کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔