سکریٹری اقلیتی بہبود کی حیثیت سے جی ڈی ارونا کا حصول جائزہ

مختلف اداروں کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس ، حجاج کی تفصیلات سے آگہی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود کی حیثیت سے شریمتی جی ڈی ارونا  سکریٹری قبائلی بہبود نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ سید عمر جلیل کی الیکشن ڈیوٹی پر بہار روانگی کے بعد حکومت نے جی ڈی ارونا کو محکمہ اقلیتی بہبود کی زائد ذمہ داری دی ہے۔ وہ حال ہی میں ایک ماہ تک اقلیتی بہبود میں بحیثیت انچارج سکریٹری خدمات انجام دے چکی ہیں۔ جی ڈی ارونا نے آج نئی ذمہ داری سنبھالتے ہی مختلف اداروں کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے مختلف اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ جی ڈی ارونا نے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور سے منیٰ میں پیش آئے سانحہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں اور اس سانحہ میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے حجاج کرام کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جی ڈی ارونا نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے عمل کی جارہی آٹو رکشا فراہمی اسکیم کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ اس اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کا اجلاس کل منگل کو طلب کیا گیا ہے ۔