سکریٹریٹ کے لیے سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ کی اراضی

چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی خواہش پر وزیر دفاع کا تیقن
حیدرآباد 8 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو دو روزہ دورہ دہلی کے بعد آج شام حیدرآباد واپس ہوئے ۔ چیف منسٹر نے دہلی میں قیام کے دوران ریاست کے مسائل پر مختلف مرکزی وزراء سے ملاقات کی تھی ۔ انہو ںنے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ وزیر دفاع منوہر پاریکر سے ملاقات میں تلنگانہ حکومت کے سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے اراضی کی منظوری کی درخواست کی ۔ چیف منسٹر نے سکریٹریٹ کیلئے سکندرآباد پریڈ گراونڈ کی اراضی الاٹ کرنے کی خواہش کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزیر دفاع نے اس تجویز پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کے دوران تلنگانہ پولیس کو عصری بنانے کیلئے فنڈس کی منظوری کی درخواست کی گئی ۔ چیف منسٹر نے آج حیدرآباد واپسی سے قبل مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی سے ملاقات کی اور پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دینے اور دیگر آبپاشی پراجکٹس کیلئے مرکز کے تعاون کی نمائندگی کی ۔ چیف منسٹر کے ہمراہ بعض ریاستی وزراء اور اعلی عہدیدار موجود تھے۔ چیف منسٹر نے نئی دہلی سے واپسی کے فوری بعد اعلی سطحی اجلاس میں پرانہیتا چیوڑلہ پراجکٹ کے مسائل کا جائزہ لیا ۔ وزیر آبپاشی ہریش راو کے علاوہ محکمہ آبپاشی کے عہدیدار اور پراجکٹ کے تین کنسلٹنٹ بھی اجلاس میں شریک تھے ۔ مرکزی حکومت نے پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کیلئے کنسلٹنٹ کو حیدرآباد روانہ کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکز نے پراجکٹ کو قومی درجہ دینے سے اتفاق کرلیا ۔چیف منسٹر کے دورہ میں بعض دیگر مرکزی وزراء سے ملاقات کا بھی پروگرام تھا تاہم پارلیمنٹ سیشن کے سبب یہ ممکن نہ ہوسکا ۔