سیکوریٹی وجوہات کے لیے حکومت کا فیصلہ ، ملازمین میں ناراضگی
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : سکریٹریٹ میں عوام کی غیر مجاز نقل و حرکت کو روکنے کیلئے پولیس نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کو مختص انتظامی بلاکس ( سکریٹریٹس ) کے مابین رکاوٹیں کھڑی کردئیے ہیں ۔ حیدرآباد چونکہ آئندہ 10 سال تک دونوں نئی ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت رہے گا چنانچہ سابق آندھرا پردیش کے سکریٹریٹ کو انتظامی مقاصد کیلئے 2 جون کو دو بلاکس میں تقسیم کیا جاچکا ہے ۔ تلنگانہ کو اے ، بی ، سی اور ڈی بلاکس دئیے گئے ہیں اور آندھرا پردیش کو جے ، کے ایل ، ایچ ساوتھ اور نارتھ بلاکس دئیے گئے ہیں ۔ تلنگانہ سکریٹریٹ کو آندھرا پردیش سکریٹریٹ سے علحدہ رکھنے کیلئے راتوں رات رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں ۔ پولیس کے ایک سینئیر عہدیدار نے کہا کہ سکریٹریٹ کی عملاً تقسیم کیلئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ ڈی سی پی سنٹرل زون وی بی کملاسن ریڈی نے کہا کہ سیکوریٹی وجوہات کی بناء پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں ۔ علاوہ ازیں دو بلاکس کے درمیان عوام کی نقل و حرکت کو محدود کرنا بھی مقصود تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ’ سیکوریٹی وجوہات کی بناء پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کیلئے حکومت نے حکم جاری کیا تھا کیوں کہ اکثر اہل غرض غیر مجاز طور پر ایک بلاک سے دوسرے بلاک میں غیر ضروری گھوم پھر رہے تھے ۔ چند افراد ایک گیٹ کے داخلہ پاسیس پر دوسری عمارت میں داخل ہورہے تھے ‘ ۔ تاہم سکریٹریٹ کے ملازم نے اچانک کھڑی کی جانے والی اس رکاوٹ پر ناراضگی اور بے چینی کا اظہار کیا ہے ۔۔