ریاست کو فروخت کرنے ٹنڈرس طلب کرنے کا الزام: ٹی جیون ریڈی
حیدرآباد /30 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر کسی ہچکچاہٹ کے بغیر ریاست کو فروخت کرنے کے لئے ٹینڈرس طلب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سکریٹریٹ کی منتقلی کی سخت مخالفت کی۔ آج احاطہ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کا وعدہ پورا کرنے کے لئے عملی اقدامات کی بجائے چیف منسٹر تلنگانہ کو نیلام کرنا چاہتے ہیں، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور حکومت کو سکریٹریٹ کی منتقلی کے فیصلہ سے باز آنے کا مشورہ دیتی ہے۔ بصورت دیگر کانگریس پارٹی، ٹی آر ایس حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کا آغاز کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے، تلنگانہ کی ذرائع آمدنی تلنگانہ کی ترقی کے لئے خرچ کرنے اور ریاست کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے سدباب کے لئے تمام جماعتوں نے تلنگانہ تحریک چلائی اور مسز سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی، جب کہ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ کے قدرتی وسائل کو فروخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہر کے حیدرآباد کے بشمول اضلاع کے ہیڈ کوارٹرس پر موجود قیمتی اراضیات کو فروخت کرنے اور سکریٹریٹ کو چیسٹ ہاسپٹل منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے ان فیصلوں سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہے، جب کہ حکومت کے یہ فیصلے سرکاری خزانہ پر بوجھ بڑھانے کے مترادف ہیں۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر تلنگانہ اسمبلی میں اکثریت کا ناجائزہ فائدہ اٹھاکر من مانی کر رہے ہیں اور سرکاری فنڈس کو لٹانے کی حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔