حیدرآباد ۔ 7 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : مرکزی مملکتی وزیر لیبر اور روزگار بنڈارو دتاتریہ نے آج کہا کہ وہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کر کے ایرہ گڈہ میں واقع چیسٹ ہاسپٹل کی منتقلی اور اس کی جگہ ایک نیا سکریٹریٹ تعمیر کرنے کے حکومت کے فیصلہ پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ حکومت تلنگانہ نے سکریٹریٹ اور چیسٹ ہاسپٹل کی نئی جگہ تعمیر کی تجویز کے تعلق سے فیصلہ کیا ہے جس کی تمام سیاسی پارٹیوں نے پر زور مخالفت کی ہے ۔ دتاتریہ نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے بات چیت کررہے ہیں ۔ دتاتریہ نے کہا کہ وزیر فینانس ارون جیٹلی سے انہوں نے درخواست کی ہے کہ حیدرآباد کے لیے خصوصی پیاکیج کا اعلان کریں خاص کر انفراسٹرکچر کے قیام اور مالیاتی رقم 2,027,45 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں ۔ جب کہ 13 ویں فینانس کمیشن نے 3,149,46 کروڑ روپئے منظور کرنے کی سفارش کی تھی ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت آنے والے بجٹ سیشن میں بلوں کو متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس میں چائیلڈ لیبر ( انسداد و قوانین ) بل ترمیم اور ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈس مختلف مسائل پر مشتمل تفصیلی رپورٹ ہوگی ۔