سکریٹریٹ کی منتقلی سے متعلق تفصیلات کی طلبی

حیدرآباد۔/4مارچ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد ہائی کورٹ نے سکریٹریٹ کی منتقلی کے مسئلہ پر حکومت سے تفصیلات طلب کی ہیں۔ اس سلسلہ میں عام آدمی پارٹی لیڈر محمد حاجی کی جانب سے داخل کردہ درخواست کو سماعت کیلئے قبول کرتے ہوئے چیف جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا اور جسٹس پی وی سنجے کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مقدمہ کی سماعت آئندہ ہفتہ مقرر کی ہے۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ سکریٹریٹ کی ایرا گڈہ منتقلی کے سلسلہ میں فائیلوں کو عدالت میں پیش کریں۔ درخواست گذار کی جانب سے محمد عبدالقوی عباسی ایڈوکیٹ نے بحث کی اور سکریٹریٹ کی موجودہ مقام سے ایرا گڈہ منتقلی کے فیصلہ کو چیلنج کیا۔ درخواست گذار کا کہنا تھا کہ اس سے سرکاری خزانہ پر 150کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہوگا۔ انہوں نے استدلال پیش کیا کہ سکریٹریٹ کی منتقلی انتظامی وجوہات کی بنیاد پر نہیں بلکہ ایک انفرادی شخص کی توہم پرستی کی وجہ سے ہے۔ عدالت نے کہا کہ وہ اس بارے میں حکومت سے وجوہات جاننا چاہتی ہے۔ ڈیویژن بنچ نے ریمارک کیا کہ اگر یہ فیصلہ انتظامی اُمور کی بنیاد پر ہے تو یہ الگ معاملہ ہے تاہم اس نے حکومت سے تمام تفصیلات عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی۔ درخواست گذار نے اپنے حلف نامہ میں حکومت کی جانب سے واستو کی بنیاد پر سکریٹریٹ کی منتقلی کے فیصلہ کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ منتقلی سے نہ صرف سرکاری خزانہ پر بوجھ ہوگا بلکہ عوام کو مختلف دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس فیصلہ کو روکنے کیلئے عدالت سے مناسب احکامات جاری کرنے کی درخواست گذار نے اپیل کی۔