سکریٹریٹ کا گھیراؤ کرنے جموں و کشمیر ملازمین کی کوشش ناکام

سرینگر ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : ریاستی حکومت کے عارضی ملازمین (کنٹراکٹ ، کیاژول ، یومیہ اجرت ) نے آج یہاں سیول سکریٹریٹ کے محاصرہ کی ناکام کوشش کی جہاں پر چیف منسٹر کی رہائش گاہ اور دفتر واقع ہے ۔ تاہم پولیس نے مداخلت کر کے 12 احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا ۔ عارضی ملازمین کی مشترکہ مجلس عمل کے صدر قیوم وانی نے یہ اپیل کی تھی کہ دیرینہ مطالبات کی یکسوئی کے لیے سیول سکریٹریٹ کا گھیراو کیا جائے ۔ جس پر سینکڑوں ملازمین مگرمل باغ میں خالصہ اسکول کے قریب اکھٹا ہوگئے اور قیوم وانی کی قیادت میں احتجاجی ملازمین سکریٹریٹ کی سمت پیش قدمی کرنے لگے لیکن پولیس نے مداخلت کر کے انہیں اکزیبیشن کراسنگ کے قریب روک دیا اور درجنوں ملازمین بشمول وانی کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ پولیس نے آبی توپ اور لاٹھیوں کا استعمال کر کے احتجاجیوں کو منتشر کردیا ۔ احتجاجیوں کا یہ مطالبہ ہے کہ سرکاری محکموں میں سالہال سے برسر خدمت ملازمین کو مستقل کیا جائے ۔۔