کے سی آر کو عوام سے زیادہ واستو کی فکر : پونالہ لکشمیا
حیدرآباد 3 فبروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے سکریٹریٹ میں داخل ہونے کے لئے 7 ماہ میں 4 مرتبہ راستے تبدیل کئے ہیں۔ اُن کے اِس رویہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پونالہ لکشمیا نے کہاکہ کے سی آر کو دراصل اندرون پارٹی بغاوت اور اقتدار چھن جانے کا اندیشہ لاحق ہے۔ اُنھوں نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کے سی آر کو ریاست تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے، اُنھیں اِس طرح کے شک و شبہات میں مبتلا رہنا زیب نہیں دیتا۔ اُنھوں نے چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک سکریٹریٹ میں داخل ہونے کے لئے 4 راستے تبدیل کئے۔ واستو کے نام پر عوامی دولت ضائع کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام نے سنہرے تلنگانہ کا خواب دیکھتے ہوئے ٹی آر ایس کو اقتدار سونپا ہے لیکن حکومت اُنھیں مطمئن کرنے کے بجائے سرکاری خزانے کی لوٹ کھسوٹ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔