آزادیٔ صحافت پر حملہ کے مترادف، صدر تلنگانہ پی سی سی پنالہ لکشمیا کا ردعمل
حیدرآباد /20 فروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے سکریٹرٹ میں میڈیا کے داخلہ پر پابندی کی تجویز کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اسے میڈیا کی آزادی پر حملہ قرار دیا۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے، لہذا اس پر پابندی عائد کرنے کی تجویز ناقابل قبول ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اقتدار کے حصول کے بعد متکبر ہو گئے ہیں، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور حکومت سے اپیل کرتی ہے کہ وہ سکریٹریٹ میں میڈیا کے داخلہ پر پابندی عائد کرنے کی تجویز سے فوراً دست بردار ہو جائے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کے لئے جان قربان کرنے والے طلبہ اور نوجوانوں کے ارکان خاندان سے کئے گئے وعدوں کو حکومت نے اب تک پورا نہیں کیا، جس سے مجاہدین تلنگانہ کی روحوں کو تکلیف پہنچ رہی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر وعدوں سے انحراف کے عادی ہیں، جب کہ تلنگانہ عوام کے جذبات کا استحصال کرکے کروڑہا روپئے حاصل کرنے والے کے سی آر شیلٹرس کا تذکرہ کرکے عوام کی توہین کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے ٹی آر ایس پر بھروسہ کرتے ہوئے اقتدار حوالے کیا، تاہم حکومت عوام کے خوابوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی۔