سکریٹریٹ اقلیتی ملازمین کی تنظیم ٹی ایس میسا کا قیام

محمد رضوان الحق صدر منتخب ، رکنیت سازی کی مہم چلانے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ سکریٹریٹ کے اقلیتی ملازمین نے اپنے مسائل کی یکسوئی کی جدوجہد کرنے کے مقصد سے اپنی ایک علحدہ تنظیم قائم کی ہے جس کو تلنگانہ سکریٹریٹ ماینارٹیز سرویس اسوسی ایشن ( ٹی ایس میسا ) سے موسوم کیا گیا ہے ۔ اس نئی تنظیم کے لیے جناب محمد رضوان الحق کو متفقہ طور پر صدر منتخب کیا گیا جب کہ جناب محمد اقبال کو نائب صدر ، جناب وکرم الیکزینڈر کو جنرل سکریٹری ، جناب سید احمد مصباح الدین کو جوائنٹ سکریٹری ، جناب ٹی راجیو چند کو خازن ، جناب سید خالد اور جناب عثمان خاں کو اراکین عاملہ منتخب کیا گیا ۔ جناب محمد رضوان الحق نے بتایا کہ عاملہ کے لیے بہت جلد مزید نئے ارکان کا انتخاب کیا جائے گا ۔ نو منتخب صدر نے سکریٹریٹ کے تمام اقلیتی ملازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تنظیم میں شامل ہوجائیں تاکہ متحدہ طور پر مسائل کی یکسوئی کے لیے جدوجہد کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ انتشار پسندی اور اختلافات سے کام بگڑ جاتے ہیں اس لیے ہم کو آپسی اختلاف سے دور رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر اقلیتی ملازمین کے اتحاد کو توڑنے کی کوشش کررہے ہیں اور اسی نام سے تنظیم قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، ان کو ایسی حرکتوں سے باز آجانا چاہئے ۔ اسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں نے کہا کہ اسوسی ایشن کی رکنیت سازی کے لیے تمام اقلیتی ملازمین سے ربط کیا جائے گا اور ان کو اس تنظیم کی رکنیت حاصل کرنے کے لیے راغب کیا جائے گا ۔ اسوسی ایشن کا دفتر حمایت نگر میں قائم کیا گیا ہے ۔ اسوسی ایشن کا رجسٹریشن بھی ہوچکا ہے جس کا نمبر 228/2015 ہے ۔