تلنگانہ حامی تنظیموں کی مشیر برائے گورنر کو یادداشت کی پیشکشی
حیدرآباد۔یکم مئی(سیاست نیوز)اے پی سکریٹریٹ میں لگی آگ کی اعلی سطحی کمیٹی کے ذریعہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے تلنگانہ حامی رضاکارانہ تنظیمیں تلنگانہ ریسور س سنٹر‘ ایس سی‘ ایس ٹی‘ بی سی‘ مسلم فرنٹ‘ تلنگانہ حامی خواتین کا اتحادی مرکز مکتا‘ تلنگانہ ہسٹری سوسائٹی نے گورنر آندھرا پردیش کے مشیر مسٹر اے این رائے کو تحریری یادواشت پیش کی۔ مذکورہ تنظیموں کے ذمہ داران نے کہاکہ سکریٹریٹ کے سی بلاک میںریاست کی تقسیم کے متعلق فائیلس کا آگ کی لپیٹ میںآناقابلِ تشویش واقعہ ہے۔ شارٹ سرکٹ کے سبب آگ کے اندیشے ناقابلِ یقین ہے۔ رضاکارانہ تنظیموں نے کہاکہ واقعہ کی تہہ تک پہنچنے کے لئے اعلی سطحی کمیٹی سے آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقات لازمی ہے۔مسٹر ایم ویدا کمار چیرمن تلنگانہ ریسور س سنٹر کی قیادت میںپروفیسر انور خان‘ ٹی وویک‘ ابھئے ابکوٹے کے علاوہ شریمتی سری دیوی نے اس واقعہ کی جامعہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ ریاست کی تقسیم کے موقع پر ان تمام دستاویزات کی نگرانی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ اہمیت کے حامل فائیلس اور کمپیوٹرس کو غیرمحفوظ طریقہ سے رکھنے والے عہدیداروں کے خلاف بھی سخت کاروائی کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ حامی تمام قائدین نے گورنر آندھرا پردیش سے نمائندگی کے بعد سکریٹریٹ کے میڈیا پوائنٹ سے بات کرتے ہوئے آگ کے پس پردہ ساز ش کو منظر عام پر لانے کا گورنر آندھرا پردیش سے مطالبہ کیا ۔