وقف بورڈ میں آج اہم اجلاس، صدرنشین محمد سلیم نے وقف اراضی کے تحفظ کے لیے کوشاں
حیدرآباد ۔ 31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) شمس آباد میں قومی شاہراہ کی تعمیر کیلئے اوقافی جائیدادوں کو حاصل کرنے کی کوششوں پر صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے یکم نومبر کو اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھاریٹی ، پولیس، ریونیو اور دیگر عہدیدار شرکت کریں گے ۔ شمس آباد میں مسجد نور اور اس سے متصل قبرستان اور کھلی اراضی کو نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے حکام حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مقامی افراد کو معاوضہ کی ادائیگی کا تیقن دیا ۔ تاہم مقامی مسلمانوں نے اس تجویز کی مخالفت کی اور اس کی اطلاع صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کو دی گئی۔ محمد سلیم نے گزشتہ دنوں علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے عہدیداروں کو کسی بھی کارروائی سے روک دیا۔ انہوں نے واضح کردیا کہ سڑک کی توسیع کے لئے مسجد، قبرستان اور چھلے کی اراضی حوالے نہیں کی جاسکتی ۔ یہ جائیدادیں وقف بورڈ میں درج اوقاف ہیں جس کا گزٹ موجود ہے۔ محمد سلیم کی مداخلت کے بعد ہائی وے اتھاریٹی کے حکام نے اراضی کے حصول کارروائی کو روک دیا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ مسجد کو منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ حکام کو چاہئے کہ وہ سڑک کی تعمیر کے وقت اوقافی جائیدادوں کا لحاظ کریں۔ اس مسئلہ کی یکسوئی کے لئے وقف بورڈ میں اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں کمشنر پولیس سائبر آباد ، کمشنر جی ایچ ایم سی ، کلکٹر رنگا ریڈی ، آر ڈی او رنگا ریڈی اور مسجد کمیٹی کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم کو مسجد اور دیگر جائیدادوںکی تمام تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔