سڑک حادثہ میں 14 باراتی ہلاک، مہلوکین میں دولہا بھی شامل

ہنوئی۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وسطی ویتنام میں پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک دولہا بھی شامل ہے۔ ان کی ویان ایک کنٹینر ٹرک سے ٹکرائی گئی تھی۔ ویتنام میں ٹریفک قوانین کو ملحوظ رکھنے میں کافی کوتاہیوں سے کام لیا جاتا ہے جبکہ سڑکیں بھی خستہ حالت میں ہیں۔ آج کا سڑک حادثہ قوانگ نام میں رونما ہوا۔ ویان میں سوار تمام افراد دلہن کے گھر جارہے تھے جن میں دولہا بھی شامل ہے، 16 نشستی ویان صبح 2:30 بجے ایک کنٹینر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ 13 افراد جائے حادثہ پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 14 واں فرد ہاسپٹل میں علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ دریں اثناء ایک پولیس اہلکار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا (پولیس اہلکاروں کو میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہے) کہ تمام نعشوں کو آخری رسومات کے لیے ان کے متعلقہ مکانات کو لایا گیا ہے جبکہ کچھ زخمیوں کا علاج ہنوز جاری ہے۔ مقامی حکام اس حادثہ کی تحقیقات کررہے ہیں تاہم یہ بات خارج از امکان نہیں کہ صبح 2:30 بجے کے وقت ڈرائیور نے نیند کی غنودگی میں کنٹینر ٹرک کو ٹکر دی ہوگی۔